• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیری عوام ریاست کے دونوں طرف اقوام متحدہ کے جھنڈے لہرائیں، مختلف رہنما

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) عالمی برادری کی توجہ حاصل کرنے کیلئے کشمیری عوام ریاست کے دونوں اطراف میں اقوام متحدہ کے جھنڈے لہرائیں۔ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کو نمایاں کرنے اور کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے کیلئے قومی سطح پر آوازبلند کرنے کیلئے پاکستان کا الیکٹرانک میڈیا کشمیریوں کا ساتھ دے۔ ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر لبریشن فرنٹ وٹفورڈ برانچ کے رہنمائوں نے دوران اجلاس کیا۔ برانچ کے صدر سید جاوید احمد شاہ نے کنٹرول لائن توڑنے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کشمیری عوام کی قربانیاں ہمارے لئے آزادی کا پیغام ثابت ہوں گی۔ بھارت کی ہٹ دھرمی نے کشمیریوں کو سیزفائر لائن توڑنے پر مجبور کردیا ہے۔ سید جاوید شاہ نے کہا یہ خوشی کی بات ہے سیزفائر لائن توڑنے کیلئے کشمیری ایک متحدہ پلیٹ فورم پر جمع ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چکوٹھی بارڈرپر بھی اقوام متحدہ کے جھنڈے لہرائے جائیں تاکہ اقوام متحدہ اوریواین سیکورٹی کے ممبران کی توجہ حاصل کی جاسکے۔ سید جاوید احمد شاہ نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یواین سیکورٹی کونسل کے ممبران کو کشمیر کے حوالے سے اسلام آباد آنے کی دعوت دیں جن میں کشمیری قیادت بھی شامل ہو۔ اب کشمیریوں نے مسئلہ کشمیر کو خود اپنے ہاتھ لے لیا ہے۔ پاکستان اپنی سفارتکاری کو تیزکرے۔ ابھی تک بھارت نے کشمیر پر اپنا رویہ تبدیل نہیں کیا، کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ انہوں نے کہا وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، ممبران اسمبلی، آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں کے قائدین کو چکوٹھی سیزفائر لائن پر لاکھوں آزادی مارچ کے شرکاء کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے وہاں ضرور جانا چاہئے۔ آزادی مارچ ایک جماعت کا نہیں بلکہ پوری قوم کا فیصلہ ہے۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے سینئر نائب صدر چوہدری محمد سعید نے کہا یہ ایک اچھی تجویز ہے ہماری تحریک میں اقوام متحدہ کے جھنڈے شامل ہونے چاہئیں اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کا ضامن ہے جس نے مسئلہ کشمیر پر قراردادیں پاس کیں اور کشمیریوں کو رائے شماری کا حق دیا جائے۔ ان قراردادوں کے تحت کشمیری عوام ریاست کے دونوں اطراف آجاسکتے ہیں۔ چوہدری محمد سعید نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انتونیو گیوٹریس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ خود آئیں یا اپنا نمائندہ چکوٹھی بارڈر بھیجیں تاکہ کشمیری عوام پرامن طور کشمیر میں داخل ہوسکیں۔ چوہدری محمد رفیق نائب صدر جے کے ایل ایف نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی آزادی مارچ کے فیصلے کی حمایت کرنے کا خیرمقدم کیا ہے ان سے اپیل کی کہ اسی جذبے کے تحت چکوٹھی میں روڈ سے تمام رکاوٹیں ختم کی جائیں اور کشمیر کے مسئلے پر آزادی مارچ پر یوین کا اجلاس مظفرآباد بلایا جائے۔ پاکستان اپنی خارجہ پالیسی میں تبدیلی لائے۔ اقبال تبسم، شمیم بھٹی دیگر رہنمائوں نے اسی طرح کے خیالات کا اظہار کیا۔

تازہ ترین