راولا کوٹ سے تعلق رکھنے والی ہونہار و خصوصی طالبہ نے وزیر اعظم شہباز شریف کو ان کا پورٹریٹ پیش کیا تو وزیر اعظم اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے آبدیدہ ہوگئے۔
حال ہی میں آزاد جموں و کشمیر میں وزیر اعظم لیپ ٹاپ اسکیم 2025 کے تحت طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے۔
اس تقریب میں وویمن یونیورسٹی آزاد جموں و کشمیر کی باصلاحیت خصوصی طالبہ افشین زاہد کو بھی وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے لیپ ٹاپ دیا گیا۔
افشین زاہد صرف ایک مصور نہیں، ہمت اور حوصلے کی تصویر بھی ہیں، انہوں نے اپنی بیماری کو تعلیم کے میدان میں رکاوٹ بننے نہیں دیا۔
اس تقریب کے موقع پر جہاں افشین زاہد نے لیپ ٹاپ وصول کیا وہیں انہوں نے وزیر اعظم کو اپنے ہاتھوں سے تیار کردہ خوبصورت پورٹریٹ پیش کرکے اپنی محبت و خلوص کا اظہار بھی کیا۔
طالبہ کی جدوجہد اور زندگی کی کہانی سن کر وزیراعظم اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور خود اُٹھ کر طالبہ کی نشست پر گئے، اپنا پورٹریٹ وصول کیا تو اس موقع پر شہباز شریف آبدیدہ ہو گئے۔
وزیراعظم نے طالبہ کی محنت، حوصلے اور عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی بیٹیاں ہی قوم کا اصل فخر ہوتی ہیں۔