• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جب ماں بنی تو سب کچھ غیر اہم ہوگیا: فریدہ شبیر

فال فوٹو
فال فوٹو

پاکستان کی سینئر اور باصلاحیت اداکارہ فریدہ شبیر نے ماں بننے کی جدوجہد پر دل کھول کر اظہار خیال کیا ہے۔

 فریدہ شبیر اپنی شاندار اداکاری کے باعث شوبز انڈسٹری میں ایک منفرد مقام رکھتی ہیں۔ وہ پسِ آئینہ، غلطی، رومیو ویڈز ہیر، میرا دل میرا دشمن، فریب، یہ زندگی ہے، سراب، دوبارہ اور بکھرے موتی جیسے مقبول ڈراموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

فریدہ شبیر ماضی میں متعدد مواقع پر ماں بننے کے سفر میں پیش آنے والی مشکلات پر بات کر چکی ہیں۔ حال ہی میں ایک مارننگ شو میں میزبان روبینہ اشرف نے اپنی قریبی دوست فریدہ شبیر کے حوالے سے بات کی۔

روبینہ اشرف نے گفتگو کے دوران بتایا کہ ایک وقت تھا جب فریدہ اپنی زندگی میں بچوں کی خواہش رکھتی تھیں، مگر یہ خواہش پوری نہیں ہو پارہی تھی، سب جانتے ہیں کہ ان کی پہلی شادی ہو چکی تھی اور اس دوران انہوں نے اولاد کے لیے بے شمار علاج کروائے، ہر ممکن کوشش کی، ہر ڈاکٹر کے پاس گئیں، مگر کامیابی نہ ملی، یہ سب شبیر جان سے شادی سے پہلے کی بات ہے۔

روبینہ اشرف نے مزید کہا کہ شبیر جان سے شادی کے بعد فریدہ نے مجھے فون کیا اور کہا کہ ایک خوشخبری ہے، میں نے فوراً کہا کہ تمہاری زندگی کی سب سے بڑی خوشخبری یہی ہو سکتی ہے کہ تم ماں بننے والی ہو، جس پر اس نے کہا کہ ہاں، میں امید سے ہوں، ہم سب بے حد خوش اور حیران رہ گئے، میں ان ڈاکٹروں پر حیران تھی جو پہلے ان کا علاج کر رہے تھے، کیونکہ درحقیقت فریدہ کو کوئی طبی مسئلہ ہی نہیں تھا۔

اس سے قبل بھی فریدہ شبیر اس بات کا اعتراف کر چکی ہیں کہ ماں بننا ان کی زندگی کی سب سے بڑی خواہش تھی، اور جب وہ ماں بنیں تو ان کے لیے زندگی کی باقی تمام چیزیں غیر اہم ہو گئیں۔

فریدہ شبیر کی یہ کہانی نہ صرف بے شمار خواتین کے لیے حوصلے اور امید کا پیغام ہے بلکہ اس حقیقت کی بھی عکاس ہے کہ بعض اوقات مسائل جسمانی نہیں بلکہ ذہنی اور حالات سے جڑے ہوتے ہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید