کراچی (ٹی وی رپورٹ)میزبان ابصاء کومل نے جیو کے پروگرام ’رپورٹ کارڈ‘ میں پہلا سوال کیاکہ کیا برطانیہ پاکستان میں لوگوں کو تشدد پر اکسانے پر بانی ایم کیو ایم لندن کو سزا دے گا؟
دوسرا سوال کیا کہ کیا کیپٹن صفدر نواز شریف کی ترجمانی کر رہے ہیں ؟
ان سوالوں کے جواب میں سنیئر تجزیہ کارارشاد بھٹی نے کہا کہ ان صاحب نے کیا کچھ نہیں کیا لیکن آج پکڑے گئے نفرت انگیز تقریر پر اور جس طرح کی وہ زندگی گزار رہے ہیں مختلف بیماریوں کے ساتھ اس سے بڑی اللہ کی سزا کیا ہوسکتی ہے ۔
ان کی تو ہر تقریر ہی نفرت سے بھری ہوتی ہے ضروری ہے تمام تقاریر وہاں دی جائیں ۔میری خواہش ہے انہیں سزا ملے اور میں ہاں کا آپشن لوں گا۔
دوسرے سوال کے جواب میں کہا کہ عقل مندوں کو اشارہ کافی ہے شہباز شریف کی کمرمیں درد ہے اور پرانا ہے لیکن اتنا بھی کمر درد نہیں ہے جتنا وہ ظاہر کر رہے ہیں۔
شہباز شریف کے بیک ڈور رابطے ہیں جو ڈھکے چھپے نہیں ہیں دوسرا وہ مریم نواز کی غلامی نہیں کرسکتے اور تیسرا اُن کا شمار گڈ کاپ میں ہوتا ہے اور وہ سافٹ امیج رکھتے ہیں۔
سنیئر تجزیہ کار حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ جیسے برٹش قانون کام کرتے ہیں ان کا کام تقریباً نوے فیصد ہوگیا ہے میں نہیں سمجھتا کہ الطاف حسین اس دفعہ بچ سکیں گے ۔میں بھی ہاں کا آپشن ہی لوں گا۔ پرامن ریلیز کرنا احتجاج کرنا آئینی حق ہے۔