مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا وزیراعظم کشمیریوں کے وکیل، سفیر اور ترجمان بن کر ان کی آزادی کے لیے آواز اٹھا رہے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کی مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان کشمیریوں کے حقوق کے لیے لڑتے رہیں گے، یہ ہاتھوں کی زنجیر نہیں بلکہ عالمی برادری کو پاکستانی عوام کی طرف سے پیغام ہے کہ بھارت نے جس زنجیر سے کشمیریوں کو جکڑ رکھا ہے وہ اسے توڑ دیں گے۔
مقبوضہ کشمیر میں محصور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اسلام آباد میں انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی، اس موقع پر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستانیوں کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کشمیر کی آزادی تک ان کی لیے ہر سطح پر آواز اٹھائیں گے، کشمیر میں آزادی کی شمع روشن ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی اور دنیا کو یہی پیغام دینے کے لیے وزیراعظم کی کال پر اسلام آباد میں انسانی ہاتھوں سے زنجیر بنائی گئی۔
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے اس ایونٹ میں مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔