اسلام آباد،سماہنی(نمائندگان جنگ) کنٹرول لائن پر شہری آبادی ایک بار پھر بھارتی فوج کے نشانے پر رہی،سماہنی سیکٹر میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ،متعدد مویشی ہلاک ہوگئے،کئی مکانات کو نقصان پہنچا،سماہنی سیکٹر میں جوابی کارروائی سے دشمن کی گنیں خاموش،بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب،احتجاج کیا گیا،
تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح پانچ بجے اچانک بھارتی فوج نے سما ہنی سیکٹر کے مختلف سرحدی علاقوں پر شدید فائرنگ و گولہ باری شروع کر دی جس سے گجر موڑ بنڈالہ کہاولیاں میں بہادر علی ولد محمد اسماعیل پاؤں پر شیل لگنے سے زخمی ہو گیا جب کہ متعدد مال مویشی ہلاک و زخمی ہو گئے کئی مکانات کو نقصان پہنچا بجلی کی تاریں بھی ٹوٹ گئیں جس سے بجلی کا نظام معطل ہو گیا، پاک فوج نے موثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی فوج کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا ۔