70سالہ بولیوئین خاتون نے سائیکل پر دشوار گُزار ’ڈیتھ روڈ‘ پار کرلیا۔
یوں تو نوجوان منچلے سائیکل پر ریس لگاتے اور مشکل ترین ٹریک عبور کرتے ہیں لیکن 70سالہ معمر خاتون نے ’ڈیتھ روڈ‘ پار کرکے مثال قائم کردی ہے۔
بولیویا سے تعلق رکھنے والی 70سالہ Mirtha Munoz نامی خاتون نے بولیویا کے 60 کلومیٹر طویل اِس ’ڈیتھ روڈ‘ کی ’اسکائے ریس‘ میں حصہ لے کر ناصرف اِس ریس کی سب سے ضعیف العمر خاتون بن گئیں بلکہ کامیابی سے اپنا سفر طے کرکے سب کو حیران کردیا۔
بولیویا میں منعقد ہونے والی 60 کلومیٹر طویل اس ’ڈیتھ روڈ‘ کی ’اسکائے ریس‘ بے حد مشہور ہے جو کہ ایک انتہائی خطرناک سائیکل ریس سمجھی جاتی ہے جبکہ یہ دُنیا کی سب سے خطرناک سڑک ہے جو کہ تقریباً 11,000 فُٹ بلند ہے اور اِس کی بُلندی بالکل سیدھی ہے۔
اِس اُونچائی والی سڑک پر آس پاس پہاڑ کی چوٹیاں برف سے ڈھکی ہوئی ہوتی ہیں، اور یہاں آئے دِن بارش اور دُھند کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ عام سی بات ہے اور اِن تمام تر حالات کی وجہ سے یہاں جانے والے بہت سے لوگ اپنی جان کی بازی بھی ہار جاتے ہیں۔