• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بوئنگ اور پورشے اڑنے والی گاڑی بنانے کیلئے تیار

لندن (جنگ نیوز) پہلے زمانے کی جادوئی کہانیوں میں شہزادوں کی سواریاں اڑن قالین ہوا کرتے تھے، لیکن اب اس کی جدید قسم اڑن گاڑیوں کی شکل میں سامنے آنے والی ہے۔ویسے تو متعدد کمپنیاں اس طرح کی گاڑیوں کی تیاری پر کام کررہی ہیں مگر جب طیارے بنانے کے حوالے سے مشہور کمپنی بوئنگ اور گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنی پورشے ایک ساتھ مل کر یہ کام کریں تو کامیابی یقینی محسوس ہوتی ہے۔بوئنگ اور پورشے نے مل کر ایسی گاڑیاں تیار کرنے کا اعلان کیا ہے جو کسی ہیلی کاپٹر کی طرح اڑ بھی سکیں گی ۔ درحقیقت یہ اڑنے والی گاڑی امیر ترین افراد کے لیے تیار کی جائے گی تاکہ انہیں کبھی ٹریفک جام کے مسئلے کا سامنا نہ ہو ۔ دونوں کمپنیوں کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایک ایسی بین الاقوامی ٹیم تیار کی جائے گی جو شہری فضائی سفر کے مختلف پہلوؤں کو مدنظر رکھ کر گاڑیوں کی تیاری کو ممکن بنایا جائے گا ۔ کمپنیوں نے ان گاڑیوں کے لیے پریمیئم کا لفظ استعمال کرکے عندیہ دیا ہے کہ یہ اڑن گاڑی عام لوگوں کے لیے نہیں ہو گی ۔ ویسے بھی جب پورشے کا نام جڑ جائے تو یہ کوئی حیران کن بات نہیں اور یہ گاڑی روایتی ایندھن کی بجائے بجلی کی مدد سے اڑائی جائے گی۔ویسے گوگل کے بانی لیری پیج بھی اس طرح کی گاڑی کی تیاری پر کام کررہے ہیں جس کے کانسیپٹ ماڈل بھی سامنے آچکے ہیں۔گزشتہ سال ایک ماڈل کورا کو متعارف کرایا گیا تھا جو کہ ایک اڑنے والی ٹیکسی کے طور پر استعمال کی جائے گی۔
تازہ ترین