کراچی میں رات کے وقت سی ویو کی سڑک پر دلکشی میں اضافے کے لیے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) نے منفرد اقدام کیا ہے۔
کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے ترجمان کے مطابق سی ویو کراچی کی گرین بیلٹ پر مختلف اشکال کی تھری ڈی لائٹس روشن کر دی گئی ہیں۔
یہ تھری ڈی لائٹس کچھوے، مشروم ،ٹرائینگل سمیت مختلف اشکال میں ترتیب دی گئی ہیں، جو سی بی سی کی اپنی ورک شاپ میں تیار کی گئی ہیں۔
ان تھری ڈی لائٹس کو لگانے کا مقصد رات کے وقت سی ویو کی دلکشی میں مزید اضافہ کرنا ہے، اس سے قبل سی بی سی کی جانب سے ساحل پر کوڑے دان نصب کیے گئے تھے۔
کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ سی ویو کی گرین بیلٹ پر اب تھری ڈی لائٹس لگائے جانے کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: شنیرا اکرم کا سی ویو بند کرنے کا مطالبہ
سی بی سی کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کی حدود میں اس طرح کے مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے تاکہ ناصرف کراچی کے شہری بلکہ ملک کے دوسرے شہروں سے آنے والے افراد بھی اس خوبصورتی سے محظوظ ہو سکیں۔