• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستانی عوام کو شناختی کارڈ کے اجراء کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں،سینیٹر کلثوم پروین

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)سینٹ کی سب کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس کنوینر کمیٹی سینٹر کلثوم پروین کی صدارت میں منگل کو بلوچستان اسمبلی کے کمیٹی روم میں ہوا، اجلاس میں سینٹر سردار شفیق ترین،صوبائی وزیر نصیب اللہ مری،بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندرخان ایڈووکیٹ، ارکان اسمبلی ملک نصیر شاہوانی، احمد نواز بلوچ،نصراللہ زیرے، مبین خلجی، قادر نائل، ثنا بلوچ، دنیش کمار، شکیلہ نوید دہوار، اختر حسین لانگو، اصغر ترین، ملک نعیم خان اور اکبر مینگل نے شرکت کی، اجلاس میں سینیٹر کلثوم پروین کنونیر سب کمیٹی نے نادرا حکام کو ہدایت کی کہ بلوچستان کے عوام کو قومی شناختی کارڈ کے اجراء کے لئے نادرا کے دفاتر،عملے، اور موبائل رجسٹریشن وہیکلز میں اضافہ کیا جائے اور عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے بلوچستان میں قومی شناختی کارڈ کے اجراء سے متعلق مشکلات کے خاتمے کے لیے ارکان اسمبلی اور نادرا حکام و متعلقہ اداروں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے 25 روز بعد جائزہ اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ سینٹ کی سب کمیٹی برائے داخلہ نے ارکان بلوچستان اسمبلی سے کہا کہ نادرا سے متعلق درپیش مسائل اور ان کے حل کی تجاویز تحریری طور پر کمیٹی کے کل کے اجلاس میں پیش کی جائیں تاکہ قابل حل تجاویز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔اجلاس میں محکمہ داخلہ کے جوائنٹ سیکرٹری دلشاد احمد نے بتایا کہ پاکستان کے شناختی کارڈ پر بعض ملکوں میں کچھ افراد خلاف قانون اقدامات میں ملوث پائے گئے ہیں جس کی وجہ سے قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی نے شناختی کارڈ کے اجراء اور تصدیق سے متعلق طریقہ کار طے کیا ہے اور ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں ضلعی سطح پر بااختیار کمیٹی بنائی گئی ہے اگر اس ضلعی کمیٹی کا اجلاس باقاعدگی کے ساتھ ہوتا رہے تو بلاک شناختی کارڈ کا اجراء ہوتا رہے گا اور عوام کو مشکلات سے نجات مل سکے گی۔ ڈائریکٹر جنرل نادرا بلوچستان کرنل عابد نے اجلاس کو بتایا کہ بلوچستان کے بارڈر سے ملحقہ علاقوں میں غیر ملکی افراد کو قومی شناختی کارڈ کے اجراء کو روکنے کے لیے تصدیقی عمل پر مکمل طور پر عمل درآمد یقینی بنایا جاتا ہے، افغان مہاجرین شناختی کارڈ کے اجراء کے لئے مقامی لوگوں کے فیملی ٹریز میں انٹری کراتے ہیں ایسی صورتحال نادرا کے لئے یقینی طور پر پریشان کن ہوتی ہے تاہم نادار اپنے طور پر غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ کا اجراء روکنے کے لیے تصدیق کے تمام رائج طریقہ کار کو اپناتا ہے۔ ڈی جی نادار نے کہا کہ نادرا کے کسی بھی ملازم کے خلاف شکایت پر رائج طریقہ کار کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نادرا پالیسی کے مطابق نئے قومی شناختی کارڈ کے اجراء کو سہل بنانے کے لئے حکومت نے آسان شرائط متعارف کروائی ہیں۔
تازہ ترین