• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دفاعی چیمپئن جرمنی پاکستان کو 3-2 کی شکست دینے کے باوجود سوکا ورلڈ کپ فٹ بال چیمپئن شپ سے باہر ہوگیا۔ پاکستانی ٹیم نے اپنے جارحانہ کھیل سے شائقین کے دل جیت لیے۔

پہلا ایونٹ جیتنے والی جرمنی کی دوسرے ورلڈ کپ میں کارکردگی انتہائی خراب رہی، اس نے اپنے 4 میچز کا کوٹہ مکمل کرلیا جس میں 5پوائنٹس اسکور کیے۔ ہنگری کی 2 میچوں میں 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن برقرار ہے جبکہ اتنے ہی میچوں میں سلووانیا کے 4، رومانیہ کے 3میچوں میں 4 اور پاکستان 3 میچوں میں کوئی کامیابی حاصل نہیں کرسکا-

دوسری پوزیشن کے لیے رومانیہ اور سلووانیا میں مقابلے کی دوڑ جاری ہے۔

گروپ ’ایچ‘ میں پاکستان اور جرمنی کے میچ میں قومی کھلاڑیوں نے اپنے گذشتہ میچوں کی نسبت آج زیادہ جارحانہ اور بہتر حکمت عملی اپنائی اور دفاعی چمپئن جرمنی کوآزادانہ کھیلنے کا موقع نہ دیا۔

14ویں منٹ میں جان ایڈیمیٹ نے جرمنی کے لیے پہلا گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو 0-1سے آگے کردیا۔ جسے 22 ویں منٹ میں پاکستان کے 17سالہ برق رفتار اسٹرائیکر محمد وحید نے 25 گز کے فاصلے سے ایک زوردار کک کے ذریعے اپنی ٹیم کو 1-1سے ہم پلہ بنادیا۔

گول اسکورنگ کی خوشی مناتے ہوئے اپنی شرٹ اتارنے پر انہیں یلوکارڈ کا سامنا کرتے ہوئے 2 منٹ کیلئے میدان سے باہر رہنا پڑا۔

وقفے پر مقابلہ 1-1سے برابر تھا۔ وقفے کے بعد نکالاس کوہل نے 24ویں منٹ میں ایک بار پھر جرمنی کو 1-2 کی سبقت دلادی۔ 34ویں منٹ میں ڈی رینولڈ کو یلو کارڈ کے ذریعہ 2منٹ کے میدان بدر کیا گیا لیکن دوبارہ گراؤنڈ میں آتے ہی 37ویں منٹ میں جرمنی کیلئے تیسرا گول بنا کر مقابلہ 3-1کردیا۔

42ویں منٹ میں محمد وحید نے ایک بار پھر اپنی برق رفتار شوٹ سے حریف ٹیم کے گول کیپر کو کوئی موقع نہ دیا اور پاکستان کے خسارے کو 3-2 کردیا۔ اسی اسکور پر میچ کا اختتام ہوا۔

محمد وحید پاکستان انڈر19میں بھی منتخب ہوئے ہیں جو آئندہ ماہ ایشین انڈر19چمپئن شپ کھیلنے عراق کے شہر کربلا جائیں گے۔

پاکستان کو کپتان عمر، شرافت علی، قاضی اشفاق، گوہر زمان اور عیسیٰ خان کے بعد محمد وحید کی شکل میں ایک گوہر نایاب مل گیا ہے جو کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

پاکستان اپنا چوتھا اور آخری میچ ہنگری سے جمعہ کی شام چھ بجے کھیلے گا۔

دیگر کھیلے گئے میچوں میں قازقستان نے نائیجریا کو 0-6، بلغاریہ نے سائپرس کو 0-6، فرانس نے بھارت کو 0-7، کروشیا نے کولمبیا کو 0-5، ہنگری نے رومانیہ کو 3-4، روس نے اسپین کو 1-3، سلواکیہ نے نائیجریا کو 0-4سے شکست دی جبکہ چین اور اسکاٹ لینڈ1-1اور یونان اور مصر کی ٹیمیں 2-2سے برابر رہیں۔

تازہ ترین