• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی مقدمات اور ایف آئی آرز حکومت کو لے ڈوبیں گی، قاری عثمان

کراچی (پ ر) جمعیت علماء اسلام کے رہنماء قاری محمد عثمان نے کہا ہے کہ آزادی مارچ سے خائف حکومت ضعیف العمر علماء کرام کے خلاف بھتہ خوری کی ایف آئی آر درج کرارہی ہے،سیاسی مقدمات اور جھوٹ پر مبنی ایف آئی آرز حکومت کو لے ڈوبیں گی، اوچھے ہتھکنڈوں سے آزادی مارچ کی تیاریاں متاثر نہیں ہوں گی، ملک بھر کی طرح سندھ اور کراچی میں سینکڑوں نامعلوم جماعتی کارکنوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی جارہی ہیں جو حکومتی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ صدیقیہ نادرن بائی پاس میں شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر منظور احمد مینگل سے ملاقات اور دیگر مدارس کے دوروں پر گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سابق سینیٹر ڈاکٹر اسماعیل بلیدی ودیگر موجود تھے، قاری محمد عثمان نے کہا کہ اب اس حکومت کو مزید وقت دینا نظریہ پاکستان اور اسلام سے غداری ہوگی، انہوں نے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈے، جعلی ایف آئی آریں ہمارے راستے کی رکاوٹ نہیں بن سکتیں، انہوں نے کہا کہ حکومت طاقت کے ناجائز استعمال سے باز رہے، ہماری امن پالیسی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، قاری محمد عثمان نے کہا کہ آزادی مارچ کی تیاریاں حتمی شکل اختیار کرچکی ہیں، 27 اکتوبر کی صبح قافلے پرامن طریقے سے نکلنا شروع ہوجائیں گے اور حکومت کا دھڑن تختہ کرکے دم لیں گے۔

تازہ ترین