• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے سچ نے بھارتی جھوٹ دفن کر دیا، فردوس عاشق

وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے سچ نے بھارتی جھوٹ دفن کر دیا، ساری دنیا نے دیکھ لیا کہ بھارتی آرمی چیف کا دعویٰ کتنا بڑا جھوٹ تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارتی آرمی چیف کو اپنے جھوٹ پر پوری دنیا سے معافی مانگنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کنٹرول لائن کی پاکستانی طرف سفارت کاروں اور میڈیا کے دورے نے دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھا دیا، جبکہ کھلی دعوت کے باوجود بھارتی ہائی کمیشن کے کسی سفارت کار کے دورے سے راہِ فرار نے بھارتی جھوٹ پر مہر ثبت کر دی ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا مزید کہنا تھا کہ شہری آبادی اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے سفاک اور بزدل ہیں، عالمی برادری کو تنازع کشمیر کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل کرنا ہوگا۔

انہوں نے سوال کیا کہ بھارت کب غیر ملکی سفراء اور میڈیا کو مقبو ضہ کشمیر لےکر جائے گا؟ تاکہ وہ بھی بھارتی قابض فوج کے ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی پامالیاں اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں۔

تازہ ترین