• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم کی نواز شریف کو علاج کی ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت

وزیر اعظم عمران خان نے نواز شریف کو ہر ممکن علاج کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے ہدایت دی ہیں کہ نواز شریف کے خاندان کے افراد کی منشاء کے مطابق انھیں علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔

ایک بیان میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ‏وزیراعظم نے نواز شریف کی صحت کے حوالے سے پنجاب حکومت سے تفصیلات طلب کی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: سروسز اسپتال میں نواز شریف کی حالت تسلی بخش

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ سروسز اسپتال لاہور میں زیر علاج سابق وزیر اعظم نواز شریف کی طبیعت بہتر ہونے لگی ہے، انہیں پلیٹ لیٹس کی 3 بوتلیں لگائی جا چکی ہیں جس کے بعد ان کے جسم میں پلیٹ لیٹس کی تعداد 20 ہزار ہو گئی۔

نواز شریف کے طبی معائنے کے لیے 6 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جس کے سربراہ سمز کے پرنسپل پروفیسر محمود ایاز ہیں، میڈیکل بورڈ سینئر میڈیکل اسپیشلسٹ، گیسٹرو انٹرولوجسٹ، انیستھیزیا اسپیشلسٹ اور فزیشن پر مشتمل ہے۔

پرنسپل سمز پروفیسر محمود ایاز کے مطابق نواز شریف کو پلیٹ لیٹس لگانے سے ان کی طبیعت میں بہتری آئی ہے۔

دوسری طرف مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اسپتال میں اپنے بھائی میاں نواز شریف کی عیادت کی۔ جس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے نواز شریف کو بَروقت طبی امداد نہ دینے کی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پلیٹ لیٹس کا اس حد تک اور تیزی سے گرنا بڑی تشویش کی بات ہے، اس معاملے میں انتہائی غفلت برتی گئی۔

تازہ ترین