• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بحیرہ عرب میں موجود سپر سائیکلون ’کیار‘ کے باعث شہر میں آج تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج شمال مشرقی علاقوں سے گرد آلود ہوائیں 18 سے 27 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔

کراچی میں آج تیز ہوائیں چلیں گی


شہر میں کم سے کم درجہ حرارت 21.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے اورہوا میں نمی کا تناسب 33 فیصد ہے۔

دوسری جانب شہر کی ساحلی بستی ابراہیم حیدری میں رات گئے سمندری پانی داخل ہوگیا جس سے کچے مکانات زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان ’کیار‘ سے کراچی کے ساحلی علاقوں کو خطرہ نہیں تاہم مچھیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ محکمۂ موسمیات نے بحیرہ عرب میں سمندری طوفان ’کیار‘ کے باعث شدید طغیانی اور اونچی لہروں کی پیشن گوئی کی ہے، جس کے بعد سجاول اور ٹھٹھہ کی ساحلی پٹی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔

کیٹی بندر اور شاہ بندر سمیت دیگر علاقوں سے سمندر میں شکار کے لیے جانے والی کشتیوں کو ماہی گیروں نے کنارے پر کھڑا کردیا ہے۔

ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ ابھی بھی درجنوں کشتیاں سمندر میں شکار کے لیے گئی ہوئی ہیں۔

اس صورتحال میں مقامی افراد کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سےکسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کوئی انتظام نہیں کیا گیا ہے۔

تازہ ترین