• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیمرا نے اپنے ہدایت نامے پر وضاحت جاری کردی

پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ٹی وی اینکرز کے ٹاک شوز میں بطور شرکاء شرکت پر جاری اپنے ہدایت نامے پر وضاحت جاری کردی ہے۔

پیمرا نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ کسی صحافی یا اینکر کے ٹاک شوز میں شرکت پر پابندی نہیں لگائی گئی۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پیمرا نے اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگانے کا کوئی ہدایت نامہ جاری نہیں کیا ہے۔

پیمرا کے ہدایت نامے کو بعض چینلز نے غلط انداز میں پیش کیا، پیمرا کاہدایت نامہ پہلے سے پیمرا ایکٹ کے تحت موجود قوانین کی روشنی میں جاری کیاگیا۔

وضاحت میں مزید کہا گیا ہے کہ کسی صحافی یا اینکر کے ٹاک شوز میں شرکت پر پابندی نہیں لگائی گئی، میراتھن ٹرانسمیشن میں گروپ ڈسکشن اور اس میں اینکرز کی شرکت پر بھی کوئی پابندی نہیں لگائی گئی۔

پیمرا نے یہ بھی کہا کہ زیر سماعت مقدمات کو زیر بحث نہ لانے سے متعلق پہلے سے موجود قوانین کی روشنی میں ہدایت جاری کی ہے، آئین پاکستان کے تحت اظہار رائے کی آزادی کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

اس سے قبل پیمرا نے ہدایت نامہ جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ٹی وی چینلز اچھی شہرت والے مہمان بلائیں، اینکرز اپنے شو کےسوا کسی اور شو میں نہ بیٹھیں۔

پیمرا کے ہدایت نامے پر نامور صحافیوں، اینکرپرسنز، ایڈیٹرز، صحافتی تنظیموں نے مذمت کی اورہدایت نامہ واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

پیمرا کے نوٹیفکیشن پر تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وفاقی وزراء نے بھی تنقید کی اور اسے احمقانہ اقدام سے تعبیر کیا۔

تازہ ترین