• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طوفان ’کیار‘ کیٹگری 3 میں تبدیل، صومالیہ سے ٹکرا سکتا ہے

بحیرۂ عرب کا طوفانکیار‘ کمزور ہوکر کیٹگری 3 کے ٹراپیکل سائیکلون میں تبدیل ہو گیا جس کے اب افریقی ملک صومالیہ کے ساحل سے ٹکرانے کے امکانات ہیں۔

طوفان ’کیار‘ کیٹگری 3 میں تبدیل، صومالیہ سے ٹکرا سکتا ہے


طوفان سے پاکستان کی ساحلی پٹی کو کوئی خطرہ نہیں جبکہ بحیرہ عرب کے جنوب مشرقی حصے میں ہوا کا ایک اور کم دباؤ موجود ہے، جو آج ڈپریشن کی صورت اختیار کرجائے گا۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق ’کیار‘ طوفان بحیرۂ عرب کے مغرب میں موجود ہے اور اس کی شدت بتدریج کم ہو رہی ہے۔

کیار‘ طوفان کراچی سے 790 کلو میٹر اور عمان کے جزیرے مسراہ سے 366 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے، سائیکلون خلیجِ عدن پہنچ کر ہارن آف افریقہ کو پار کرے گا۔

ماہرینِ موسمیات کے مطابق طوفان کے گرد 180 سے 200 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جو صومالیہ کے ساحل سے ٹکرا سکتا ہے۔

محکمۂ موسمیات کے چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے مزید بتایا کہ ایک اور ہوا کا کم دباؤ بھارت کے قریب کرناٹک کے سمندر میں موجود ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: طوفان ’کیار‘ سے آج پھر لہریں بلند ہونے کا امکان

انہوں نے بتایا کہ 60 فیصد امکان ہے کہ ہوا کا یہ کم دباؤ سائیکلون میں تبدیل ہو جائے گا، سائیکلون بننے کے بعد اس کے رخ اور شدت کا اندازہ کیا جاسکے گا، کم دباؤ سے بننے والے اس سائیکلون کو ’ماہا‘ کانام دیا جائے گا۔

دوسری جانب کراچی میں آج بھی سمندر میں طغیانی رہے گی اور لہریں بلند ہوں گی، رات ساڑھے 12بجے 3 اعشاریہ 1میٹر تک لہریں بلند ہو سکتی ہیں جبکہ کل رات سندھ کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

شہرِ قائد کا زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 33 سے 35 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 48 فیصد ہے۔

تازہ ترین