• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلامی ملکوں کی خاموشی بھارت کو تقویت دے رہی ہے،پیر جلیل شرقپوری

نوٹنگھم (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی صاحبزادہ پیر میاں جلیل احمد شرقپوری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے بدترین مظالم پر عالمی دنیا بالخصوص اسلامی ممالک کی خاموشی بھارتی مذموم عزائم کو تقویت پہنچا رہی ہے، بھارت کی بڑھتی ریاستی دہشت گردی اور ہندو جارحیت کو نہ روکا گیا تو پاکستان کو اپنے دفاع اور کھلی بدمعاشی کے خلاف جنگ لڑنی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوٹنگھم میں آزاد کشمیر مسلم لیگ ن برطانیہ کے مرکزی سینئر نائب صدر چوہدری محمد یونس چھچھتروی کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں جلیل احمد شرقپوری نے مزید کہا کہ پاکستان میں سیاسی ابتری اور کشیدہ حالات کا فائدہ بھارت اور دیگر پاکستان دشمن قوتوں کو ہورہا ہے، بھارت نے نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ پورے ملک کے اندر مسلمانوں پر بدترین ظلم وستم کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، پوری ہندو قوم اسلام کے خلاف متحد اور منظم ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک قوم بن کر اپنے دفاع اور تشخص کی لڑائی لڑنی ہوگی، سابق وزیراعظم پاکستان وقائد مسلم لیگ ن نوازشریف کی طبی بنیادوں پر حمایت کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ انتقام اور ذاتی رنجش کی سیاست کی وجہ سے ہمارا قومی وقار تباہ ہوچکا ہے۔ ہمیں جمہوری اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے میانہ روی برداشت اور مثبت سیاست کو فروغ دینا ہوگا، میزبان تقریب چوہدری محمدیونس چھچھتروی نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ نہ صرف پاکستان میں جمہوریت کے فروغ بلکہ استحکام پاکستان کیلئے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ سابق وزیراعظم پاکستان نوازشریف کی زندگی سیاسی قربانیوں سے عبارت ہے، جمہوری اقدار کیلئے ان کی جدوجہد رنگ لائے گی، اس موقع پر صاحبزادہ پیر میاں جلیل احمد شرقپوری نے خصوصی دعا کروائی ۔
تازہ ترین