• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طلباء کو انجینئرز کیساتھ بہترین انسان بھی بنائینگے، ڈاکٹر فیض اللّٰه‎ عباسی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں نئے بیچ کیلئے نئے آنیوالے طلباء کیلئے دائود یونیورسٹی کے مین جناح کیمپس اور گلشن اقبال کیمپس میں تعارفی اجلاس منعقد کئے گئے جس میں تمام ڈیپارٹمنٹس میں داخلہ لینے والے نئے طلباء ، ان کے والدین ، فیکلٹی ارکان ، اساتذہ اور یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ طلباء اور والدین سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللّٰه‎ عباسی نے کہا کہ دائود یونیورسٹی کی تدریسی شعبے میں خدمات قابل رشک ہیں ، ماضی میں اس ادارے سے منسلک طلباء نے ناصرف پاکستان بلکہ بیرون ملک اپنی صلاحیتوں سے معاشرے میں تبدیلیاں رونما کیں ،طلباء نے داؤد یونیورسٹی کا انتخاب کرکے اپنے لیے بہتر تعلیم کی راہیں کھول لی ہیں ، جامعہ داؤد اب ایک نئے دور میں داخل ہوچکی ہے ،نوجوانوں کی تعلیم کے ساتھ معاشرتی تربیت بھی ضروری ہے ، تعلیمی اداروں میں طلباء کی دماغ کی وائرنگ کے ساتھ اسے دل سے جوڑے رکھنا بھی ضروری ہے تاکہ معاشرے کی بہتر خدمت کرسکیں اس لئے ہم طلباء کو انجینئرز اور آرکیٹکٹ بنانے کے ساتھ معاشرے کا بہترین انسان بھی بنائیں گے ، تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ فلاحی سرگرمیاں بھی ہوں گی، ایکٹو سٹیزن پروگرامز منعقد کئے جائیں گے ۔ ڈاکٹر فیض اللّٰه‎ عباسی نے مزید کہا کہ یونیورسٹی میں 75فیصد حاضری لازمی ہے جس کے بغیر طلبہ و طالبات کو امتحانات میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہوگی ، طلباء کوتعلیم کے حصول کیلئے اپنے شوق اور لگن میں اضافہ کرنا ہوگا اس سے نہ صرف انہیں ترقی ملے گی بلکہ جامعہ کا وقار بھی بلند ہوگا۔ وائس چانسلر نے والدین سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ طلباء کی تعلیمی کارکردگی پر نگاہ رکھنا صرف یونیورسٹی کا کام نہیں ، والدین کو بھی اپنا فرض ادا کرنا ہوگا ، اپنے بچوں کی کارکردگی کیلئے والدین یونیورسٹی سے رابطے میں رہیں۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر ڈاکٹر پیر روشن دین شاہ راشدی ، رجسٹرار ڈاکٹر سید آصف علی شاہ ، ڈین آف انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو ، اکیڈمک کوآرڈینٹر ڈاکٹر دوست علی خواجہ، کنٹرولر ڈاکٹر راشد ابڑو ، ڈیپارٹمنٹس کے چیئرپرسنز اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

تازہ ترین