• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک میں 4 اہم منصوبوں کی شمولیت پر پاک چین اتفاق

اسلام آباد(مہتاب حیدر) پاکستان اورچین کے درمیان سی پیک میں 4اہم منصوبوں کی شمولیت پر اتفاق ہوگیا ہے۔ ان میں جنوب شمال گیس پائپ لائن منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ میں توسیع شامل ہیں۔ تفصیلات کے مطابق،پاکستان اور چین کے درمیان سی پیک کے حوالے سے تیل اور گیس تعاون کے لیے چار اہم منصوبوں کی شمولیت پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔اس میں جنوب۔شمال گیس پائپ لائن منصوبہ اور پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کراچی بھی شامل ہیں۔اعلیٰ حکام نے بدھ کے روز دی نیوز کو بتایا ہے کہ سی پیک کے تحت متعدد منصوبے زیر بحث آئے تاہم، پہلے مرحلے میں جن چارمنصوبوں کے حوالے سے بات ہوئی ان میں جنوب۔شمال گیس پائپ لائن منصوبے پر فزیبلٹی مطالعہ کو حتمی شکل دینا، پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کراچی میں توسیع، کوئلے سے مائع انجینئرنگ پلانٹ جو کہ تھر کول کی بنیاد پر تھر سندھ میں ہوگا اور کوئلے گیسیفکیشن سے فرٹیلائزر منصوبوں کے لیے تھر بلاک۔4کی سی پیک میں شمولیت شامل ہے۔ دونوں ممالک نے تیل اور گیس کے ذیلی ورکنگ گروپ کے مشترکہ ماہرین پینل کو بھی سراہا۔ عہدیدار کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اس بات پر بھی متفق ہیں کہ ان منصوبوں کو پاکستان کی تیل اور گیس صنعت کے ترقیاتی منصوبے میں شامل کیا جائے۔

تازہ ترین