• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائداعظم ٹرافی:سرفراز احمد پھر بیٹنگ میں ناکام، سندھ کو شکست

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد فارم کے حصول کے لئے بھرپور کوششیں کررہے ہیں لیکن انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے۔ ناردرن کے خلاف میچ میں سرفراز احمد نے پہلی اننگز میں22 رنز بنائے جمعرات کو نیشنل اسٹیڈیم میں حماد اعظم کی گیند پر16 رنز بناکر بولڈ ہوگئے۔ سرفراز کی ٹیم سندھ قائد اعظم ٹرافی میں پہلی فتح سے محروم ہے۔ ناردرن نے کپتان نعمان علی کی بولنگ کی بدولت سندھ کو 145 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ 345 رنز کے تعاقب میں سندھ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 199 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والےنعمان علی نے دوسری اننگز میں بھی 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں بلوچستان اور سنٹرل پنجاب کے درمیان میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ بارش اور کم روشنی کے باعث میچ کے آخری روز صرف26.3اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں سدرن پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان میچ بھی ڈرا ہوگیا۔ اوپنر سمیع اسلم نے دونوں اننگز میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔
تازہ ترین