• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صنعتی یونٹس سے ملازمین کی چھانٹی، صورتحال سنگین ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صنعتی یونٹس نے اپنے ملازمین کی تعداد میں چھانٹی کرنا شروع کردی ہے اور یہ بہت ہی سنگین صورتحال ہے،ملک اس وقت ایک بہت ہی مشکل دور سے گزر رہا ہے اور اسے مختلف چیلنجز کا سامنا ہے اور سب سے بڑا چیلنج معیشت کی بحالی ہے،یہ بے روزگار نوجوان غیر قانونی سرگرمیوں بالخصوص اسٹریٹ کرائم ، منشیات فروشی اور منشیات کے عادی ہوگئے ہیں،اس مسئلے کا حقیقی حل تلاش کرنا ہوگا،انھوں نے یہ بات سینئر مینجمنٹ کورس (ایس ایم سی) کے شرکاء جس کی قیادت جی ڈی این آئی ایم محسن چاندنہ کررہے تھے سے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کے موقع پر کہی،،اس موقع پر چیف سیکرٹری ممتاز علی شاہ، چیئرپرسن پی اینڈ ڈی ناہید شاہ ، آئی جی پولیس ڈاکٹر کلیم امام، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری ساجد جمال ابڑو، سیکرٹری داخلہ عثمان چاچڑ، سیکرٹری خزانہ حسن نقوی، سیکرٹری بلدیات روشن شیخ و دیگر بھی موجود تھے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم نے محکمہ تعلیم ، بلدیات اور صحت کے محکموں سے گھوسٹ ملازمین کے حوالے سے بہت کام کیا ہے اور صوبے میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنایا ہے ۔ انھوں نے کہا انکی حکومت نے پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کے تحت متعدد اسکول ایجوکیشن مینجمنٹ آرگنائیزیشن کے حوالے کی ہیں،سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے 226000 سے داخلے بڑھا کر 550000 تک کئے ہیں ۔

تازہ ترین