• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والٹ ڈزنی اینیمیشن اسٹوڈیوز کی آنے والی فلم ’فروزن2‘ ایک میوزیکل فینٹیسی فلم ہے۔ والٹ ڈزنی اسٹوڈیوز کی تیار کردہ یہ 58ویں فلم ہے ، جو 2013ء میں بننے والی فلم ’فروزن‘ کا سیکوئل ہے۔ اس میں ہدایتکار کرس بک اور جینیفر لی، پروڈیوسر پیٹر ڈیل ویچو، گیت نگار کرسٹن اینڈرسن لوپیز اور موسیقار کرسٹوف بیک کی واپسی ہوئی ہے۔ 

جینیفر لی نے اس فلم میں اسکرین رائٹر کی حیثیت سے بھی حصہ لیا ہے۔ وائس کاسٹ میں ادینہ مینزیل، کرسٹین بیل، جوناتھن گرف، جوش گیڈ اور سینٹینو فونٹانا شامل ہیں، جو اپنے سابقہ کرداروں میں ہی اپنی آواز کا جادو جگائیں گے، جبکہ نئی آوازوں میں اسٹرلنگ کے براؤن، ایوان ریچل ووڈ، الفریڈ مولینا، مارتھاپمپٹن، راچل میتھیوز اور جیسن رٹر شامل ہیں۔

مارچ 2014ء میں جب پہلی فلم فروزن کے سیکوئل کے بارے میں پروڈیوسر پیٹر ڈیل ویچو سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا تھا کہ کرس بک، جینیفر لی اور وہ بہت اچھی طرح مل کر کام کرتے ہیں ، لہٰذا مجھے یقین ہے کہ ہم ایک نیا پروجیکٹ تیار کریں گےمگر ہم فروزن کا سیکوئل نہیں بنائیں گے۔ 

اسی سال اپریل کے آخر میں والٹ ڈزنی اسٹوڈیوز کے چیئرمین ایلن ایف ہورن نے بھی کہا تھا، ’’ ہم واقعی اس کے سیکوئل کے بارے میں نہیں سوچ سکتے کیونکہ اس وقت اسٹوڈیو کی ترجیح ’براڈ وے‘ کے میوزک کی تشکیل ہے، جس کیلئے رابرٹ لوپیز اور کرسٹن اینڈرسن لوپیز کو اضافی گانے لکھنے کی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے‘‘۔

مئی 2014 میں جب اس کے سیکوئل کے بارے میں پوچھا گیا تھا تو ڈزنی کے سی ای او باب ایگر کا کہنا تھا، ’’ ڈزنی ’سیکوئل‘ یا ’زبردستی کہانی سنانے‘ کے حق میں نہیںہے کیونکہ ایسا کرنے سے ممکن ہے پہلی فلم کی طرح دوسری فلم اچھی نہیں بن پائے گی‘‘۔ ایگر نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ فروزن فرنچائز ’لائن کنگ‘ کی طرح کمپنی کے لئے ہمیشہ خاص رہے گی۔

12 مارچ2015ء کو سان فرانسسکو میں آئیگر، لاسسیٹر اور اداکار جوش گیڈ (اولف کے وائس آرٹسٹ) نے ڈزنی کے سالانہ شیئر ہولڈرز اجلاس میں باضابطہ طور پر اعلان کیا کہ ایک مکمل دورانیہ کا سیکوئل ’ فروزن 2 ‘ تشکیل کے مراحل میں ہے ، جس میں بک اور لی ڈائریکٹرز اور ڈیل ویچو پروڈیوسر کی حیثیت سے لوٹ رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا، ’’فروزن کے معاملے میں ہدایتکار ’سیکوئل‘ کے لئے ایک زبردست آئیڈیا لے کر آئے تھے اور آپ اس کے بارے میں بہت کچھ سن بھی رہے ہوں گے، ہم آپ کو ارینڈیل واپس لے جارہے ہیں‘‘۔ لاس اینجلس ٹائمز کے مطابق ڈزنی میں "کافی اندرونی بحث" ہوئی تھی کہ آیا ڈزنی اینیمیشن کو فروزن سیکوئل کے ساتھ آگے بڑھنا چاہئے یا نہیں ، لیکن پہلی فلم کی بے مثال کامیابی نے ڈزنی کے ذمہ داران کو آخر کار سیکوئل بنانے کی راہ پر ڈال ہی دیا۔

28ستمبر 2016ء کو جوش گیڈ نے کرس بک، جینیفر لی، پیٹر ڈیل ویچو اور لاسسیٹر کے سیکوئل میں اپنے کردار کا اعلان کیا۔ جوناتھن گرف (کرسٹف کی آواز نکالنے والے وائس اوور آرٹسٹ) نے جولائی 2017ء کے اوائل میں کہا تھا، ’’مجھے اس کی تفصیلات معلوم نہیں، تاہم میں اپنے حصے کی ریکارڈنگ شروع کرنے والا ہوں۔11اکتوبر 2017ء کو اس نے ایک برطانوی شو میں بتایا تھا کہ وہ پچھلے مہینے فروزن2کیلئے ریکارڈنگ شروع کرچکاہے۔

اس فلم کیلئے 6 مسودے آئے تھے ،جس میں دوسرا مسودہ فلم کی کہانی کیلئے موزوں ٹھہرا۔ کسی بھی فلم کی کہانی کے عموماً چھ ڈرافٹ لکھوائے جاتے ہیں۔ رواں سال فروزن 2 کے ہدایتکاروں کا کہناتھا،’’اس فلم میں ان سوالوں کے جواب دینے کی کوشش کی گئی ہے، جو فروزن میں رہ گئے تھے، جیسے کہ ایلسا کے پاس جادوئی طاقت کیوں کر ہے؟ جبکہ اینا بغیر جادوئی طاقت کے کیوں پیدا ہوئی؟ جب ان کے والدین کا جہاز ڈوبا تو وہ کہاں جارہے تھے؟ اس کے علاوہ بھی دیگر کئی چیزیں ہیں جنہیں سامنے لانا ضروری ہےـ‘‘۔ 

مزید یہ بھی بتایا گیا کہ برائون کا کردار اینڈریلے آرمی میں فوجی تھا، جو ایلسا کے دادا کنگ رونارڈ کے لئے کام کرتاتھا جبکہ ووڈ کے کردار کو فلیش بیک میں دکھایا جائے گا جس سے کچھ رازوں سے پردہ اٹھانے میں مدد ملے گی، جن کا ہمیں پہلے پتہ نہیں تھا۔ 

کچھ مداحوں نے ایلسا کی طرف سے فلم میں اس کی محبت کے حوالے سے مہم چلائی تو، شریک گیت نگار کرسٹن اینڈرسن لوپیز نے تصدیق کی کہ ایلسا کو فلم میں کسی سے محبت یا دلچسپی نہیں ہے۔ جینیفر لیؔ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ سیکوئل میں Once Upon a Time's Frozen کی اسٹوری لائن کے عناصر شامل نہیں ہوں گے کیونکہ کچھ چیزیں ایسی ہیں جنھیں وہ فلم کے سیکوئل میں دکھانا نہیں چاہتے۔

اس فلم کا ورلڈ پریمیئر 7نومبر 2019ء کو ہالی ووڈ کے ڈولبی تھیٹر میں ہوچکا ہے جبکہ والٹ ڈزنی اسٹوڈیوز موشن پکچرز کے ذریعہ اسے 22 نومبر 2019ء کو دنیا بھر میں ریلیز کرنے کیلئے تیار ہے۔ اس فلم کے 13 فروری 2019ء کو ریلیز کیے گئے ٹریلرکو 24 گھنٹوں کے اندر11کروڑ64لاکھ بار دیکھا گیا۔ 

یاد رہے کہ پہلی فلم فروزن کے ریلیز ہوتے ہی اس نے باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا تھا، بچوں اور بڑوں میں یہ فلم اتنی مقبول ہوئی کہ ایلسا اور اینا سمیت دیگر کرداروں کے گڈے گڑیا، تصاویر، بیگز، گھڑیاں اور سالگرہ کے کیک پوری دنیا میں تیار ہونے لگے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ والٹ ڈزنی کو اس کی مقبولیت کے باعث اس کا سیکوئل بنانا پڑا، جس کی ریلیز کا سب کو شدت سے انتظار ہے۔

تازہ ترین