• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فن لینڈ کا عراق میں دوبارہ سفارت خانہ کھولنے کا اعلان

ہلیسنکی(جنگ نیوز ) فن لینڈ حکومت نے عراق میں‌ تین عشروں بعد سفارت خانہ کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر عراق میں چار افراد فن لینڈ کی جانب سے سفارتی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔ یورپی ملک فن لینڈ نے اعلان کیا ہے کہ وہ عراق میں اپنے سفارت خانے کو دوبارہ کھولے گا اور تقریبا 30 برس کے بعد اپنا سفیر بغداد بھیجے گا، اس اقدام کا مقصد دو طرفہ تعلقات کا ازسر نو آغاز کرنا، عراق کی تعمیر نو میں مدد اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کو مضبوط بنانا ہے۔فن لینڈ میں غیر قانونی طور پر مقیم ہزاروں عراقیوں کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہونے کے بعد ان افراد کی واپسی اور بے دخلی ابھی تک دونوں ملکوں کے بیچ کشیدہ معاملے کی حیثیت رکھتی ہے۔ یاد رہے کہ 2015 میں تقریبا 20 ہزار عراقی شہریوں نے فن لینڈ کا رخ کیا تھا۔فن لینڈ کے سفیر ویسا ہیکینن نے سرکاری طور پر اپنا نیا منصب سنبھالنے سے امریکی خبر رساں ایجنسی سے گفتگو میں واضح کیا کہ ان کا ملک جو یورپی یونین کا رکن ہے، اس نے جنوری 1991 میں خلیج کی جنگ کے فوری بعد عراق میں اپنا سفارتی وجود ختم کر دیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق ابتدائی طور پر عراق میں فن لینڈ کے سفارت خانے میں 4 افراد ہوں گے، یہ سفارت خانہ بغداد میں ایک عمارت میں واقع ہے۔ اس عمارت میں سعودی سفارت خانہ بھی ہے۔
تازہ ترین