• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ثریا شہاب، مظفر شیخ کی یاد میں شام کا اہتمام

فرینکفرٹ (نمائندہ جنگ) یورپ کے صحافتی حلقوں میں مقبول ثریا شہاب اور مظفر شیخ اب اس دنیا میں نہیں ہیں ان کی یاد میں ہیومن ویلفیر ایسوسی ایشن جرمنی کے زیراہتمام ایک شام کا اہتمام کیا گیا جس میں ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر اسلم سید،جرمن پروفیسرڈاکٹر آلموتھ ڈیگنر اور پاکستان کی معروف ٹی وی اسٹار سعدیہ امام مہمان خصوصی تھیں،صدارت شعیب منصور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نے کی ۔تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت سرورکائنات سے ہوا،تقریب کے میزبان ہیومن ویلفیر ایسوسی ایشن جرمنی کے چیرمین سید اقبال حیدر نے آغاز میں کہا کہ مظفر شیخ اور ثریا شہاب یورپ کے صحافتی حلقوں میں مقبول اور ہردلعزیز تھے دونوں نے اپنی کیمونٹی ہی نہیں جرمنی میں ہر پریشان حال کی بے لوث مدد کرنے کی ہر ممکن کوشش کی،ثریا شہاب اور مظفر شیخ نے جرمنی میں مشاعروں اور ادبی تقریبات کے انعقاد میں ہمیشہ میرا ساتھ دیااور قدم بہ قدم میرے ساتھ رہے،جرمنی میں اردو ادب کے فروغ کے لئے ان دونوں نے بھرپور کردار ادا کیا۔ ریٹائرڈ پروفیسر ڈاکٹر اسلم سید نے کہا صحافی اپنے قلم سے معاشرے کی برائیوں کو ظاہر کر کے اس کا خاتمے کی مہم کا آغاز کر سکتا ہے،جرمن پروفیسرڈاکٹر آلموتھ ڈیگنر نے کہا کہ بچھڑے ہوئے دوستوں کے لئے ایک شام میں شرکت کر کے انھیں بہت خوشی ہوئے ،مخلص دوست ہی اپنے اچھے دوستوں کو یاد رکھتے ہیں اور ان کی یاد میں تقریبات کا اہتمام کرتے ہیں،معروف ٹی وی اسٹار سعدیہ امام نے کہا کہ جرمنی میں ان کی پہلی ادبی تقریب ہے اس تقریب میں ثریا شہاب اور مظفر شیخ کی خدمات پر انھیں خراج عقیدت پیش کرنے والے مبارکباد کے مستحق ہیں۔شعیب منصور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان نے کہا انھیں جرمنی آئے لگ بھگ ایک سال ہوگیا ہے اس عرصہ میں آج تک انھوں نے ہر انسان سے شیخ مظفر کی تعریف ہی سنی ہے کسی نے آج تک کوئی شکوہ نہیں کیا اور بڑے انسانوں کی یہی تعریف ہوتی ہے کہ وہ موجود نہ ہوں تو ہر زبان پر ان کی تعریف جاری ہو۔تقریب سے سجاد نقوی،حافظ عبدالرحمن،پرویز زیدی،ارشاد ہاشمی، عطائورحمن اشرف نے خطاب کیا، تقریب میں خانوادہ شیخ مظفر کے علاوہ معززین شہر نے شرکت کی۔
تازہ ترین