• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی ڈی اے انتظامیہ کا زیرالتواء انکوائریوں کو حتمی شکل دینے کا فیصلہ

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) سی ڈی اے انتظامیہ نے تمام انتظامی امور میں نظم و ضبط کو یقینی بنانے کیلئے زیرالتواء انکوائریوں کو ایک ماہ میں حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایچ آر ڈی ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ 15باقاعدہ انکوائریوں کی تکمیل کے سلسلے میں رپورٹ جمع نہ کرنے والے افسروں کو شوکاز نوٹس جاری کئے جائیں نیز ڈگریوں اور تعلیمی اسناد کی تصدیق کا عمل بھی ایک ماہ کے اندر مکمل کیا جائے۔ انتظامیہ کی کاوشوں سے 45میں سے 30انکوائریوں کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ انکوائری افسروں کو 15یوم کا وقت دیا گیا ہے جس کے بعد ان کیخلاف نااہلی‘ عدم توجہی کی بنیاد پر تادیبی کارروائی شروع کی جائیگی۔ تمام افسران کو اپنی ڈگریاں کراس ویری فکیشن کیلئے ایک ہفتہ کی مہلت دی گئی ہے بصورت دیگر انکی اسناد کو جعلی تصور کرتے ہوئے سی ڈی اے ایمپلائز سروس ریگولیشن 1992ء کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا جائیگا۔ نان گزٹیڈ افسروں کیلئے تمام شعبوں کے سربراہان کو مراسلہ جاری کرنے اور 15دن کے اندر تعلیمی اسناد اور دیگر دستاویزات جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے بصورت دیگر نااہلی کو سرکاری طور پر کارکردگی کی رپورٹ کا حصہ بنایا جائیگا۔
تازہ ترین