• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائیکورٹ:پسند کی شادی کرنے والی کم عمر لڑکی والدہ کے حوالے کرنیکا حکم

ملتان (سٹاف رپورٹر) لاہورہائیکورٹ ملتان بنچ نے پسند شادی کرنے والی کم عمر لڑکی کے والدہ کے ساتھ جانے کےبیان پررٹ گزار کووالدہ کے حوالےکر دیا، عدالت میں تھانہ کینٹ کی رہائشی ناصرہ بی بی نے اپنی بیٹی کے اغوا کے مقدمے میں ملزمان کے گرفتار نہ ہونے اور کمسن مغویہ کے برآمد نہ ہونے پر درخواست دائر کر رکھی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ میری ساتویں جماعت کی طالبہ 13 سالہ بیٹی کو سکول جاتے ہوئے ملزمان امان اللہ، محمود اور مجاہد شامل نے اغواء کر لیا ہے عدالت میں لڑکی کی پسند کی شادی کے حوالے نکاح نامہ اور بیان جمع کروایا گیا جبکہ دوسری جانب فاضل جج نے بار بار والدہ سے نہ ملنے کا اظہار کرنے والی لڑکی کوسختی سے والدہ سے ملا قات کرنے کی ہدایت کی جس کے بعد عدالت میں ماں کو ملنے کے بعد لڑکی نے شوہر کے بجائے والدین کے ساتھ جانے کا بیان دے دیا ہے جس پر عدالت نے لڑکی کو ماں کے ساتھ بھیجنے کا حکم جاری کر دیا ، دریں اثناہائیکورٹ نے شجاع آباد کے رہائشی محمد ندیم کی رٹ درخواست نمٹاتے ہوئے ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ کو ہدایت کی ہے کہ وہ3 ہفتے کے اندر پٹیشنر کا مسئلہ حل کریں، پٹشنر نے موقف اختیار کیا کہ شجاع آباد میں پٹرول پمپ نصب کررکھا ہے لیکن ڈائریکٹر این او سی کے اجراء میں تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں جبکہ متعلقہ دیگر محکموں نے پٹرول پمپ کا این او سی جاری کردیا ہے۔ لاہورہائیکورٹ ملتان بنچ نے دہشت گردی کیس میں عمر قید کی سزا مکمل ہونے کے باوجود مجرم کو رہائی نہ ملنے کے خلاف درخواست پر آئی جی پنجاب جیل خانہ جات کو 30 روز کے اندر شکایات کا ازالے کا حکم دے دیا ہے، فاضل عدالت میں مجرم قمر عباس نے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ دہشتگردی کے الزام میں 19 اپریل 2004 میں عمر قید کی سزا ملی جو پوری ہو چکی ہے، اس کے بھائی منور عباس کو بھی سزائے موت سنائی گئی تھی لیکن اسکی رہائی ہو چکی ہے، دریں اثناہائیکورٹ نے مقدمہ درج کرنے کے سیشن عدالت کے حکم کو کالعدم قرار دیتے ہوئے قراردیا ہے کہ لین دین کے حوالے سے جاری کیا گیا چیک بوگس چیک کی تعریف میں نہیں آتا، فاضل عدالت میں عون شاہ نے درخواست دائر کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا اس کا ملک اسد کے ساتھ کاروباری تعلق تھا اور اسی وجہ سے 18 لاکھ روپے کا چیک جاری کیا اس لئے یہ کیس بوگس چیک کا نہیں بنتا مگر سیشن عدالت نے پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے جسے معطل کیا جائے،ہائیکورٹ  نے زیادتی کے مقدمے میں ملوث ملزم راشد کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرتے ہوئے اسے ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔سیشن عدالت نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے کیس میں عبوری ضمانت کا ریکارڈ پیش نہ کرنے پر تھانہ سیتل ماڑی کے اے ایس آئی کی ایک ماہ کی تنخواہ قرق کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں،فاضل عدالت نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس کو تنخواہ قرق کرکے رپورٹ عدالت میں جمع کرانے کا آرڈر بھی جاری کر دیا ہے،فاضل عدالت نے بجلی چوری کے ملزم تنویر حسین کی عبوری ضمانت میں تھانہ لوہاری گیٹ پولیس سے 29 نومبر کو ریکارڈ طلب کرلیا ہے، فاضل عدالت نے منشیات کے ملزم توصیف کی عبوری ضمانت میں تھانہ اینٹی نارکوٹکس فورس پولیس سے آج ریکارڈ طلب کرلیا ہے،جوڈیشل مجسٹریٹ نے سوشل میڈیا پر اہم شخصیت کے خلاف تضحیک آمیز مواد اپ لوڈ کرنے کے مقدمے میں ملزم عبدالستار رحمن ٰ کیخلاف ایف آئی اے کےتفتیشی آفیسر کو تفتیش کی اجازت دے دی ہے، فاضل عدالت نے شہری کو تشدد کا نشانہ بناکر نقدی رقم اور موبائل فون چھیننے کے 2 ملزمان ظفر اقبال اور طارق محمودکو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کرنے کا حکم دیا ہے، فاضل عدالت نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کے ویزے پر بھجوانے کے عوض لاکھوں روپے بٹورنے والے ایک ملزم اصغر کا 3 روزہ جسمانی جبکہ دوسرے ملزم منیر کا جوڈیشل ریمانڈ منظور کرنے کا حکم دیا ہے، جبکہ شراب کے ملزم رمضان کو جرم ثابت ہونے پر ڈیڑھ ہزار روپے جرمانہ ادا کرنے کی سزا کاحکم دیاہے، عدالت نے نیٹ کیفے میں فحش فلمیں چلانے دیکھنے کے الزام میں گرفتار 11 ملزمان محمد اعظم ،محمد عباس،زوہیب،شاہد اقبال ،محمد، فہیم،باسط،ارشاد،طارق ،شہزاد ،سمیع الله اور فرقان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
تازہ ترین