• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوک اسٹوڈیو سیزن 12 کا تیسرا گانا کاپی رائٹس کا شکار

تیزی سے کامیاب ہوتے کوک اسٹوڈیو کے 12ویں سیزن میں ابرار الحق کے ’بلو‘ ، شجاع حیدر اور ریچل ویکاجی کے ’سائیاں‘ کے بعد صنم ماروی کا ’حیران ہوا‘ بھی کاپی رائٹس کا شکار ہوگیا۔

15 نومبر کو کوک اسٹوڈیو 12 کی چوتھی قسط میں گلوکارہ صنم ماروی نے صوفی کلام ’حیران ہوا‘ پیش کیا۔

گلوکارہ نے ’جگر مراد آبادی، سچل سرمست اور دیگر شعرا‘ کے بولوں کو  صوفیانہ انداز میں پیش کرکےاپنے مداحوں کو اچھا تحفہ دیا تھا مگر ریلیز ہونے کے اگلے ہی دن کاپی رائٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کے باعث اسے یوٹیوب سے ہٹادیا گیا۔

اگر آپ یوٹیوب پر ’’حیران ہوا‘‘ گانے پر کلک کریں گے تو ایک پیغام سامنے آئے گا جس پر لکھا ہے کہ یہ ویڈیو عابدہ پروین کے کاپی رائٹ ایکٹ کے دعوے کی وجہ سے دستیاب نہیں ہے۔

اس گانے پر پاکستان کی نامور صوفی گلوکارہ عابدہ پروین نے کاپی رائٹ ایکٹ کا دعویٰ دائر کیا ہے۔

عابدہ پروین کی آواز میں ’حیران ہوا‘


اس حوالے سے کوک اسٹوڈیو کا کوئی پیغام سامنے نہیں آیا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اسی سیزن میں ابرار الحق کے گائے گئے گانے ’بلو‘ کو ایک نجی انٹرٹینمنٹ کمپنی کے کاپی رائٹس کے دعوے کے بعد ہٹایا گیا تھا۔

کوک اسٹوڈیو سیزن12 میں ابرارالحق کے مشہور گانے ’بلو‘ کو نئے انداز میں پیش کیا گیا تھا جسے ابرارالحق نے ہی گایا تھا اور یہ گانا شائقین کو بے حد پسند بھی آیا تھا تاہم رواں ہفتے کی ابتدا میں یوٹیوب سے اس گانے کو بھی ہٹادیا گیا۔




یاد رہے کہ ماضی کے مقبول گانے ’بلو‘ کے ریمیک نے سب کا دل دیوانہ کردیا تھا۔’بلو‘ کو ماضی میں بھی ابرار الحق نے گایا تھا اور اس گانے کو پہلی بار 1995 میں ریلیز کیا گیا تھا، جسے اب دوبارہ کوک اسٹوڈیو میں 24 سال بعد گایا گیا۔

اسی طرح ریچل ویکاجی اور شجاع حیدر کے گانے کو بھی کاپی رائٹس کی وجہ سے ہٹایا گیا تھا۔

 شجاع حیدر اور ریچل ویکاجی کی آواز میں ریکارڈ کیے گئے گانے ’سائیاں‘ پر بھی پاکستان کی مشہور گراموفون کمپنی نے کاپی رائٹ ایکٹ کا دعویٰ کیا تھا جس کے بعد یہ گانا یوٹیوب سے ہٹا دیا گیا تھا۔

  بعد ازاں کوک اسٹوڈیو انتظامیہ اور روحیل حیات نے اس گانے کا باقاعدہ لائسنس حاصل کیا جس کے بعد اسے دوبارہ یوٹیوب پر اپلوڈ کیا گیا۔

تازہ ترین