• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانیوں کی جائیدادیں قبضہ گروپوں سے چھڑا رہے ہیں، طارق محمود

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اوورسیز پاکستان کمیشن یوکے، کے چیئرمین اور کوآرڈینیٹر سید طارق محمود الحسن نے کہا ہے کہ اوورسیز کمیشن پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی تقریباً 18کروڑسے زیادہ کی جائیدادیں اور اراضی قبضہ گروپس سے چھڑوا کر مالکان کو واپس دلوا چکا ہے۔ ڈنڈی میں پاکستان تحریک انصاف ایسٹ آف سکاٹ لینڈ کے صدر چوہدری فخر اقبال کی طرف سے اپنے اور کمیٹی کے دیگر ممبران کے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید طارق محمود الحسن نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں، یہ لوگ ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کرتے ہیں اور ہر سال 20بلین ڈالر سے زیادہ کا زرمبادلہ نہ صرف پاکستان بھیجتے ہیں بلکہ پاکستان آمد پر بھی مزید کئی بلین ڈالر خرچ کرتے ہیں، یہ لوگ پاکستان میں لاکھوں خاندانوں کی کفالت کرتے ہیں، ان کی جائیدادوں کا تحفظ ہمارا فرض ہے اور ہم ان کی خدمت کے لئے 24گھنٹے حاضرہیں۔ چوہدری فخر اقبال نے سکاٹ لینڈ اور شمال مشرقی انگلینڈ کے لئے کمیشن کے وائس چیئرمین عمر اسحاق اور نئے ممبران ریاض قریشی، محمد احمد، نثار چوہدری اور میاں عثمان حمید کو تقرریوں پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو آپ سے بہت امیدیں ہیں، ان کے پاکستان میں بے شمار جائز مسائل ہیں جن کو حل کرانا اب آپ کی ذمہ داری ہے۔ یہ عہدے آپ کے لئے صرف عزت افزائی ہی نہیں ایک بڑی آزمائش بھی ہیں اور آپ کو وزیر اعظم پاکستان عمران خان کےویژن کے مطابق اس پر پورا اترنا ہوگا۔ عمران خان چاہتے ہیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کو ان کی دہلیز پر جاکر حل کرایا جائے، اسی وجہ سے سید طارق الحسن آپ کے مسائل جاننے کے لئے آپ کے پاس آئے ہیں۔ تقریب کے بعض شرکاء نے پی آئی اے کی پرواز سکاٹ لینڈ سے دوبارہ شروع کرنے کا مطالبہ کیا جس پر سید طارق محمود الحسن نے کہا کہ وہ اس سلسلہ میں پہلے ہی کام کررہے ہیں اور آپ کا یہ مطالبہ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار تک پہنچا ئیں گے۔ تقریب سے عمر اسحاق، ریاض قریشی، محمد احمد، نثار چوہدری اور میاں عثمان حمید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے ہر وقت حاضر ہیں اور اپنی بہترین صلاحیتوں کے تحت اپنے فرائض کو ادا کرنے کی کوشش کریں گے۔
تازہ ترین