پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینئر سیاستدان قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ خان صاحب ایکسپوز ہوگئے،جلد وہ خود صفائی کا شکار ہونے والے ہیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹونے پمز اسپتال میں سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات کی، اس موقع پر اسپتال کے باہر میڈیا سے قمر زمان کائرہ اور چوہدری منظور نے گفتگو کی۔
کائرہ نے کہا کہ سارے کیسز کی سماعت اسلام آباد میں کرنی ہے تو سندھ کی نیب اور ہائی کورٹ کو بند کردیں۔
انہوں نے کہا کہ جہاں کا مقدمہ ہے، سماعت اسی صوبے میں ہونی چاہیے، جو جواز سندھ سے اسلام آباد منتقل کرنے کےلیے گھڑا گیا، اس پر پوچھا جاسکتا ہے کیا پنجاب حکومت آصف زرداری کے خلاف کیسز میں اثر انداز نہیں ہوسکتی ہے؟
پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ آصف زرداری کے مقدمات کی درخواست کل سپریم کورٹ میں سماعت کےلیے لگی ہوئی ہے، اس کے بعد آگے فیصلے کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 200 ارب ڈالر لانے کے دعوے کیے، خان صاحب ایکسپوز ہوگئے، ان کے وعدے صرف نعرے ثابت ہوئے، بہت جلد ان کی صفائی ہونے والی ہے۔
قمر زمان کائرہ نےاستفسار کیا کہ کدھر گیا وہ ڈیم اور اس کے لیے جمع ہونے والا چندہ؟ حکومت ایک ارب درخت لگانے کا دعویٰ کرتی ہے، اتنے درختوں کے لیے کئی ہزار کلو میٹر رقبہ چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق، خیبرپختونخوا اور پنجاب کی حکومتوں سے جان چھڑانا ضروری ہوگیا ہے، اگر انہیں گھر نہ بھیجا تو ملک نہیں چلے گا۔
اس موقع پر چوہدری منظور نے کہا کہ اگر یہ نظام کچھ اور ماہ چلتا رہا تو کوئی بھی اس ملک کو نہیں سنبھال سکے گا۔