پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے متفقہ طور پر مسلم لیگ نون کے ممبر قومی اسمبلی رانا تنویر حسین کو چیئرمین منتخب کر لیا، یہ عہدہ شہباز شریف کے مستعفی ہونے کہ بعد خالی ہوا تھا۔
چیئرمین منتخب ہونے کے بعد رانا تنویر حسین نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی گزشتہ کارکردگی سب کے سامنے ہے، مگر ہمیں اس کو مزید فعال بنانا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار اور خورشید شاہ نے بھی بہت اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جبکہ شہباز شریف نے تھوڑے عرصے کے لئے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی کی مگر بہت اچھا کام کیا۔
رانا تنویر نے کہا کہ ہر کام مشورے سے کرنا چاہتا ہوں مگر مجھے کارکردگی بھی چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب کمیٹیزکو بھی اپنی کارکردگی کو بہتر کرنا ہوگا، اس موقع پر ممبران کمیٹی نے رانا تنویر کو چیئرمین منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ رانا تنویر کا نام ممبر قومی اسمبلی سردار نصر اللہ دریشک نے تجویز کیا جبکہ مشاہد حسین نے توثیق کی۔