کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت اور کشمیر کی آزادی کے لیے میڈیا اہم کردار ادا کررہا ہے، اس حوالے سے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔اس وقت بین الاقوامی میڈیا ان لوگوں کے ہاتھوں میں ہے جو نہیں چاہتے کہ مسئلہ کشمیرحل ہو چونکہ یہ جدوجہد مسلمانوں کی ہے اس لیے انہیں کوئی دلچسپی نہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں اپنے میڈیا کوسرگرم کرنا ہوگا۔یہ بات سینئر صحافی شمیم اشرف نے جدہ میں پاکستان جرنلسٹس فورم کے عصرانے میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ شمیم اشرف عمرہ کی ادائیگی کے بعد جدہ تشریف لائی تھیں۔
اس موقعے پر فورم کے اراکین و عہدیدار اور پاک میڈیا فورم ریاض کے الیاس رحیم نے بھی شرکت کی۔شمیم اشرف نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر کے حوالے سے یو این او میں شاندار تقریر کی لیکن تقاریر سے زیادہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے ورنہ سلامتی کونسل ،اقوام متحدہ میں ذوالفقار علی بھٹو، شہید بے نظیر بھٹو ، نواز شریف نے بھی بہت شاندار تقاریر سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا تھا لیکن عالمی میڈیاکی طرف سے مسلسل خاموشی سب کے سامنے ہے، ہمیں عالمی سطح پہ لا بنگ کی بیحد ضرورت ہے۔
شمیم اشرف نے کہا کہ ہم تحریک آزادی کشمیر میں عملی طور پر شامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان جرنلسٹس فورم مستند اور تجربہ رکھنے والے محب وطن صحافیوں کا فورم ہے، جو تحریک آزادی کشمیر کو میڈیا میں لانے کے ساتھ ساتھ پاک سعودی تعلقات کو اجاگر کرنے اور پاکستانیوں کے مسائل ارباب اقتدار تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے ۔اس موقعے پر الیاس رحیم ،امیر محمد خان ، ،جمیل راٹھور ، یحییٰ اشفاق ، ذکیراحمد بھٹی، اسد اکرم ، جاوید راہو، خالد چیمہ نے بھی خیالات کااظہار کیا۔