اسلام آباد( نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے ایجنڈے میں کرپشن‘سائبر کرائم‘ اکنامک کرائم‘ امیگریشن سے متعلق جرائم‘ منی لانڈرنگ سمیت دیگر منظم جرائم کا خاتمہ اور بلا تفریق احتساب بنیادی نکتہ ہے‘ معاشی استحکام اور نوجوانوں اور ہنر مندوں کے لیے نوکریوں کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ حکومت کی تمام تر توجہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے‘مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومتی اقدامات کے نتیجے میں معاشی استحکام آیا ہے اور کاروباری طبقے کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
معاشی استحکام کے نتیجے میں کارباری برادری کے اعتماد اور مثبت جذبات کو مزید تقویت دینے کے لئے ضروری ہے کہ ایکسپورٹرز اور خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے تاجروں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کی جائے اور ان کے لئے آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور ان کو مالی وسائل کی قلت پیش نہ آئے‘ریفنڈکی ادائیگی کا نظام مزید آسان بنایا جائے‘ پاکستان تاریخ کے اہم دوراہے پر کھڑا ہے‘سیاسی قیادت اور بیوروکریسی نے ملک کے مستقبل کا تعین کرنا ہے‘ وفاقی سیکرٹریز بہتر طرز حکومت، ملک و قوم کی خدمت اور عوامی فلاح و بہبودکے لئے اپنی توانائیاں اور تجربہ بروئے کار لائیں‘افسران اپنی ذمہ داریاں جہاد اور قومی فریضہ سمجھ کر ادا کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو معاشی ٹیم کے اجلاس سے خطاب ‘ایف آئی اے کے نئے ڈائریکٹر جنرل واجدضیاء اور ترقی پانے والے وفاقی سیکریٹریز سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان سے نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) واجد ضیاءنے پیر کو ملاقات کی۔
وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق عمران خان نے ملاقات کے دوران اس عزم کا اعادہ کیا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے ایجنڈے میں کرپشن، سائبر کرائم، اکنامک کرائم، امیگریشن سے متعلق جرائم، منی لانڈرنگ سمیت دیگر منظم جرائم کا خاتمہ اور بلا تفریق احتساب بنیادی نکتہ ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر واجد ضیاء نے وزیراعظم عمران خان کو یقین دہانی کرائی کہ وہ عزم کے ساتھ ملک کے لئے بہتر خدمات سر انجام دیں گے۔
دریں اثناء وزیرِ اعظم نے معاشی ٹیم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاشی استحکام اور نوجوانوں اور ہنر مندوں کے لیے نوکریوں کے مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے‘ حکومت کی تمام تر توجہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے پر مرکوز ہے‘مشکل معاشی حالات کے باوجود حکومتی اقدامات کے نتیجے میں معاشی استحکام آیا ہے