• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن میں خادم حسین ناصرکی رہائشگاہ پر پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس کی تقریب

لندن (پ ر) دنیا بھر میں پاکستان پیپلزپارٹی کا 92واں یوم تاسیس انتہائی جوش و خروش سے منایا گیا وہاں بھٹو شہید اور بی بی شہید کے فلسفے پر عمل کرتے ہوئے ابرار میر قائم مقام صدر پیپلز پارٹی یورپ اور میاں افضل خالد چیئرمین فیڈرل کونسل، پارٹی کے سینئر رہنما خادم حسین ناصر، چیف آرگنائزر گریٹر لندن کی عیادت اور حوصلہ افزائی کیلئے انکی رہائش گاہ پہنچ گئے اور ان کے ساتھ پارٹی کا یوم تاسیس منایا۔ ابرار میر نے کہا کہ آج کے دن خادم حسین ناصر اگر پارٹی کی خوشیوں میں شریک نہ ہوتے تو شاید وہ زیادہ ذہنی دباؤ کا شکار ہوتے لیکن ہم نے کوشش کی کہ ان کو نہ صرف اس کیفیت سے بچایا جائے بلکہ انہیں خوشی کا ایک ماحول دیں تاکہ انکی صحت پر اچھے اثرات ہوں۔ ہمیں سینئر اور جونیئر دونوں کا خیال رکھنا ہو گا کیونکہ پیپلز پارٹی ایک خاندان کی مانند ہے اور جتنی خوشی ہمیں آج ہو رہی ہے اس کا اندازہ نہیں لگایا جاسکتا۔ میاں افضل خالد نے کہا کہ اس اقدام سے پارٹی کے سنئیر رہنماؤں کی عزت میں اضافہ ہوا اور ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ ہم مل جل پارٹی کو آگے بڑھائیں تاکہ چئیرمین بلاول بھٹو کے ہاتھ مضبوط ہوں۔ خادم حسین ناصر نے کہا کہ میں اس عزت افزائی کا شکرگزار ہوں اور آج میرے گھر پہ پارٹی کا یوم تاسیس منایا گیا تو اس سے بڑھ کر میرے لئے کیا اعزاز ہوگا۔ یاد رہے کہ میاں افضل خالد اور خادم حسین ناصر نے شہید ذوالفقار بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے ساتھ کام کیا اور اپنی زندگیاں پارٹی کیلئے وقف کی ہوئی ہیں اور نئی نسل کیلئے کسی مشعل راہ سے کم نہیں ہیں۔ آخر میں یوم تاسیس کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا۔
تازہ ترین