راولپنڈی/جہلم (نیوز ایجنسیز ) صدر مملکت عار ف علوی نے کہا ہے کہ نشانہ بازی سپاہی کی مہارتوں میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے، قومی مقاصد کی تکمیل شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ ہے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جہلم کے قریب فائرنگ رینج کا دورہ کیا اور 39 ویں میگا شوٹنگ مقابلوں کی اختتامی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔فائرنگ رینج پہنچنے پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔صدر مملکت اور آرمی چیف نے بھی نشانہ بازی کے مقابلوں میں حصہ لیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلوں میں تینوں مسلح افواج اور دیگر اداروں کے 953 نشانہ بازوں نے شرکت کی۔