• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اسلامی ترقیاتی بینک کے کنٹری سپورٹ پروگرام میں شامل

اسلام آبادجدہ(نیوز ایجنسی، نمائندہ جنگ،شاہد نعیم )اسلامی ترقیاتی بینک نے پاکستان کو کنٹری سپورٹ پروگرام میں شامل کر لیا۔وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے جدہ میں اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر بندر الحجار سے ملاقات کی۔وفاقی وزیر حماد اظہر نے پاکستان میں معاشی منصوبوں کی مالی اعانت میں آئی ڈی بی کے کردار کو سراہا۔ان کا کہنا تھا اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان میں بینک کا پورٹ فولیو بنائے، وفاقی وزیر نے کنٹری سپورٹ پروگرام میں پاکستان کو شامل کرنے کی تجویز بھی پیش کی۔اس کے علاوہ حماد اظہر نے اسلامی ترقیاتی بینک کے مالیاتی بجٹ سپورٹ پروگرام کی بحالی کی تجویز پیش کی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا مالیاتی بجٹ سپورٹ پروگرام بحالی سے پاکستان میں زرمبادلہ ذخائر کو تقویت ملے گی۔حماد اظہر نے اسلامی ترقیاتی بینک کے سربراہ کو اسلام آباد میں بینک کا علاقائی مرکز اور گیٹ وے دفتر بنانے کی دعوت بھی دی۔ڈاکٹر بندر الحجار کا کہنا تھا اسلامی ترقیاتی بینک پاکستان کو بہت اہمیت دیتا ہے، پاکستان کو اسلامی ترقیاتی بینک کے کنٹری سپورٹ پروگرام میں شامل کر لیا ہے۔جدہ میں بین الاقوامی اسلامی تجارتی مالیاتی کارپوریشن (آئی ٹی ایف سی) کے ایک روزہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہاہے کہ بین الاقوامی تجارت پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں معاون ہےاور پائیدار ترقی کے مقاصد حاصل کرنے کیلئے مسلم ممالک کے مابین تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین