• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لکڑی کے فرش بہت فینسی اور عمدہ لگتے ہیں، آجکل ان کا ٹرینڈ بھی کافی عام ہوتا جا رہا ہے۔ اسی طرح لکڑی کے دروزاے، ریلنگ اور چھتیں ہر گھر میں اپنی افادیت اور خوبصورتی میں کمال دکھا رہی ہوتی ہیں۔ لکڑی کو تعمیرات میں استعمال کرنے سے قبل اس کی سیزننگ کی جاتی ہے، یعنی لکڑی کو ایک مہینے تک پانی میں رکھا جاتا ہے اور پھر اسے باہر نکال کر خشک کیا جاتا ہے۔ تعمیرات میں استعمال کی جانے والی لکڑی کی اقسام اور خوبیوں پر ایک نظر ڈالتےہیں۔

ساگوان

ساگوان (Teak Wood)ایک سخت لکڑی ہے، جسے چوڑے پتوں والے درخت ’’ٹیکٹونا گرینڈیز‘‘ سے حاصل کیا جاتا ہے۔ اس میں بہت زیاد ہ مقدار میں تیل پایا جاتا ہے، اس لئے یہ دوسری لکڑیوں کے مقابلے میں بہت پائیدار ہوتی ہے اور عموماً100سال تک قائم رہ سکتی ہے۔ اس لکڑی کو بھی سیزننگ کی ضرورت ہوتی ہے۔ 

یہ ہر قسم کے موسمی حالات کو برداشت کرسکتی ہے، بالخصوص بارش کے دوران نمی کے خلاف مزاحمت کرتی ہے۔ اس قسم کی لکڑی بیرونی دروازوں، گارڈن اور لان کے فرنیچر میں زیادہ استعمال کی جاتی ہے۔ ا س کی قیمت لکڑی کی دیگر اقسام کے مقابلے میں زیادہوتی ہے۔ ایک عمدہ معیار کی ساگوان لکڑی کنکریٹ سے بھی زیادہ طاقت رکھتی ہے۔ اس کو زیادہ دیکھ بھال ، پینٹنگ اور پالش کی ضرورت نہیں ہوتی۔

سال لکڑی

سال نامی درخت سے نکلنے والی لکڑی کو سال لکڑی (Sal Wood)کہتے ہیں۔ ساگوان کے مقابلے میں یہ زیادہ مہنگی نہیں ہے۔ سال درخت سلینڈر کی شکل میں سیدھے اور زیادہ لمبائی میں اُگتے ہیں، جس کی وجہ سےبڑی مقدار میں لکڑی حاصل ہوتی ہے۔ سال لکڑی کا استعمال اندرون خانہ یعنی دروازوں، کھڑکیوں کے فریموں اور ٹول ہینڈلز وغیرہ کے لئے کیا جاتا ہے۔ اس لکڑی کیلئے دیمک کنٹرول کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ 

یہ ساگوان سے30سے 40فیصد زیادہ بھاری مگر اس کے مقابلے میں20فیصد نرم ہوتی ہے۔ یہ لکڑی زیادہ لمبائی میں بآسانی دستیاب ہوتی ہے، جوکہ نمی کے خلاف مزاحمت بھی دکھاتی ہے ۔اسےپالش کے بجائے پینٹ کی ضرورت ہوتی ہے۔سال لکڑی کو براہ راست سورج کی روشنی سے بچانا چاہئے کیونکہ اس سے لکڑی میں دراڑیں پڑسکتی ہیں۔ سال لکڑی کی سطح میں چھوٹی چھوٹی دراڑیں ہوتی ہیں، جنہیں پینٹ سے بھر لیا جاتا ہے۔

پلائی ووڈ

پلائی ووڈ(Ply Wood)لکڑی کا ایک مضبوط پتلا تختہ ہے، جو لکڑی کی تین یا زائد پرتوں سے بنا ہوتاہے اور اس کے درمیان دانے ہوتے ہیں۔ پلائی ووڈ قدرتی طور پر پیدا نہیں ہوتی بلکہ اسے انجینئرنگ کے ذریعے تیار کیا جاتاہے۔ لہٰذا یہ عام لکڑی کے مقابلے میں زیادہ سخت اور دیرپا ہوتی ہے۔

دراصل پلائی ووڈ ہی ایسی لکڑی ہے، جسے ہم اپنی مرضی سے جتنا سخت اور پائیدار بنانا چاہیں بناسکتےہیں، یعنی آپ زیادہ سے زیادہ پلائیاں یا پرتیں ایک دوسرے پر رکھ کر اسے مضبوط تر بنا سکتے ہیں۔ اس قسم کی لکڑی پارٹیشنز، کارڈ بورڈ اور فرنیچر وغیرہ کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ 

پلائی ووڈ کی اقسام میںسافٹ ووڈ، ہارڈ ووڈ، پلین پلائی ووڈ، آرائشی پلائی ووڈ، لچکدار پلائی ووڈ اور میرین پلائی ووڈ شامل ہیں۔ پلائی ووڈ میں انسولیشن کی خاصیت ہوتی ہے کیونکہ یہ بارشوں اور بہت زیادہ نمی کے خلاف مزاحمت کرتی ہے۔ یہ تھرمل اور ساؤنڈ انسولیشن کا کام بھی کرتی ہیں۔ پلائی ووڈ آسانی سے بھاری بوجھ برداشت کرسکتی ہے۔ 

چونکہ یہ بہت ساری پرتوں سے بنی ہوتی ہے، اس لئے تمام بوجھ ساری پرتوں پر برابر منتقل ہوجاتا ہے۔ چونکہ یہ انجینئرڈ لکڑی ہے، اس لیے اسے کلائنٹ کی تعمیراتی ضروریات کے مطابق کسی بھی مطلوبہ شکل میں ڈھالا جاسکتا ہے۔ تاہم اس میں ایک خامی ہے کہ اگر اس کی پرتوں میں پانی چلا جائے تو یہ پھول جاتی ہے۔ اس لیے پرتوں میں پانی جانے نہیں دینا چاہئے۔

نووا پین پلائی ووڈ

نووا پین(Nova-Pan) پلائی ووڈ، لکڑی کی دوسری اقسام کے لئے ایک بہترین متبادل ہے جو کہ عام طور پر تعمیرات کے لئے استعمال کی جاتی ہے۔ یہ لکڑی ہارڈ ووڈ یا سافٹ ووڈ سے بچ جانے والے مٹیریل (wastage)سے تیار کی جاتی ہے۔ یہ سب سے سستی لکڑی ہے جو مارکیٹ میں دستیاب ہے۔ 

یہ ایک ماحول دوست مٹیریل ہے، جسے تیار کرنے میں کم توانائی استعمال ہوتی ہے۔اس کے بورڈ عام طور پر پینلز میں بنائے جاتے ہیں ، جنہیں کسی بھی مطلوبہ شکل میں بنایا جا سکتا ہے۔اس کو جتنا زیادہ موٹا بنایا جاتاہے ، اتنی ہی زیادہ اس کی قوت میں اضافہ ہوتاہے۔ 

نووا پین کی لکڑی پر دو رنگوں کا لیبل لگا ہوتا ہے، اگر اس پر سبز رنگ کا لیبل لگا ہوا ہے تو یہ نمی سے بچانے والی ہے اور اگر سرخ ہے تو یہ آگ کے خلاف مزاحمت کرنے والی لکڑی ہے۔ اس قسم کی لکڑی سستا فرنیچر بنانے میں استعمال ہوتی ہے۔ پلائی ووڈ کے مقابلے میں اس کی فنشنگ تو اچھی ہوتی ہے لیکن اس کے مقابلے میں یہ زیادہ طویل مدت کیلئے استعمال نہیں ہوتی ۔

ربڑ ووڈ

کم طاقتور ہونے کے باعث اس قسم کی لکڑی تعمیر ات میں استعمال نہیں کی جاتی، تاہم یہ فرنیچر میں استعمال ہوتی ہے۔ دوسری لکڑیوں کے مقابلے میں ربڑ ووڈ(Rubber Wood)بہت سستی اور بآسانی دستیاب ہوتی ہے۔ تحقیقی مطالعات کے مطابق ربڑ ووڈ شدید الرجی کا سبب بن سکتی ہے۔ اس کے علاوہ پانی لگنے سے اس پر کائی بھی جم سکتی ہے۔

تازہ ترین