• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نے قائم علی شاہ کو طلب کرلیا، سوالنامہ بھی بھیج دیا

نیب نے قائم علی شاہ کو طلب کرلیا، سوالنامہ بھی بھیج دیا


قومی احتساب بیورو (نیب) نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سید قائم علی شاہ  کو 10 دسمبر کو طلب کر لیا۔

نیب نے سابق وزیراعلی سندھ کو 20 سوالوں پر مشتمل سوال نامہ بھی بھیج دیا۔

قبل ازیں روشن سندھ پروگرام کے تحت سولر لائٹس کی تنصیب کے پروجیکٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے کیس میں سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے اسلام آباد ہائی کورٹ میں داخل کرادیے۔

یاد رہے کہ عدالت عالیہ نے مذکورہ کیس میں عبوری ضمانت منظور کرکے سابق وزیراعلیٰ سندھ کو 9 دسمبر تک پانچ لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے داخل کروانے کی ہدایت کی تھی۔ 

سابق وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے عدالتی حکم کے تحت 5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے ڈپٹی رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کروادیے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ نے قائم علی شاہ کی روشن سندھ پروگرام کے تحت سولر لائٹس کی تنصیب کے پروجیکٹ میں مبینہ بے ضابطگیوں کے کیس میں عبوری ضمانت منظور کی تھی۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ 2015 میں سولر لائٹس کی تنصیب کے منصوبے میں مجھ پر مالی فائدہ اٹھانے کا کوئی الزام نہیں، صرف منصوبے کی سمری 22 ستمبر 2014 کو موصول ہوئی جس کی بطور وزیراعلی سندھ منظوری دی تھی۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ ٹھیکہ دینے میں بے ضابطگیوں کے الزام یا جعلی بینک اکاؤنٹس سے کوئی تعلق نہیں، نیب کی جانب سے کال اپ نوٹس ملنے کے بعد گرفتاری کا خدشہ ہے اس لیے ضمانت منظور کی جائے۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سابق  وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے  کہا کہ نواز شریف کو طبی بنیادوں پر ریلیف ملا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آصف زرداری علیل ہیں اور یہ کورٹس کے اختیار میں ہے کہ وہ قانون کے مطابق کیا فیصلہ کرتے ہیں۔

قائم علی شاہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ لگتا ہے نیب کی ہم سے خاص محبت ہے کہ بار بار بلا رہے ہیں۔

سابق وزیراعلیٰ سندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ ابھی تک ہمارے خلاف کچھ خاص نکلا نہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سلیم مانڈوی والا، مراد علی شاہ، خورشید شاہ سب کے خلاف نیب کی کارروائیاں جاری ہیں جبکہ حکومتی وزراء کے خلاف نیب کا رویہ نرم ہے اور کوئی خاص ایکشن نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اخبارات میں آتا رہا کہ نیب حکومتی وزراء کے خلاف بھی کارروائی کر رہا ہے۔

قائم علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ ہواؤں کا رُخ بدلنا چاہیے، وقت کسی کا ساتھ نہیں دیتا۔

تازہ ترین