• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبول گلوکار و نعت خواں جنید جمشید کو دنیا سے گزرے 3برس بیت گئے

کراچی(ایجنسیاں) ماضی کے مقبول گلوکار و نعت خواں جنید جمشید کو اس دنیا سے گزرے 3برس بیت گئے،جنید جمشید کو2007 میں دنیا کی 500بااثرمسلم شخصیات میں شامل کیا گیا جبکہ 2014 میں انہیں حکومت کی جانب سے تمغہ امتیاز سے بھی نوازا گیاتھا۔تفصیلات کے مطابق جنید جمشید 7دسمبر 2016 کو پی آئی اے کے اس بدقسمت طیارے میں سوار تھے جو چترال سے اسلام آباد آتے ہوئے حویلیاں کے قریب حادثے کا شکار ہوا تھا اس سانحہ کے نتیجے میں طیارے کے عملے سمیت48افراد جاں بحق ہوئے تھے،52سالہ جنید اپنی اہلیہ کے ہمراہ چترال میں تبلیغی دورے کے بعد اسلام آباد جا رہے تھے۔1987 میں ریلیز ہونے والے گیت دل دل پاکستان نے خاص طور پر جنید جمشید کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا ان کے بینڈ کو پاکستانی پنک فلوائڈ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا تھا بعد ازاں وائٹل سائنز کے فرنٹ مین کے طور پر چار اسٹوڈیو البمز کی کامیابی کے بعد انہیں اپنے سولو کیریئر میں بھی خاصی شہرت حاصل ہوئی۔ تاہم 2002 میں اپنی چوتھی اور آخری پاپ البم کے بعد اسلامی تعلیمات کی جانب ان کا رجحان بڑھنے لگا اور ماضی کے پاپ اسٹار ایک نعت خواں کے طور پر ابھرتے نظر آئے۔یہی وہ وقت تھا جب جنید جمشید نے گلوکاری کو خیرباد کہہ دیا اور مذہب کی تبلیغ اور حمد و نعت سے وابستہ ہوگئے۔جنید جمشید لاہور میں واقع یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے فارغ التحصیل تھے۔ انہوں نے موسیقی کے کیریئر کا آغاز میوزک بینڈ وائٹل سائنز سے کیا اور پہلے البم کی ریلیز نے ہی اس بینڈ اور اس کے مرکزی گلوکار جنید جمشید کو شہرت کی ایسی بلندیوں تک پہنچایا جس کی مثال آج بھی ملنا مشکل ہے۔
تازہ ترین