کیلے صحت کے لیے انتہائی مفید ہوتے ہیں اور یہ مختلف غذائی فوائد اس بنیاد پر پہنچاتے ہیں کہ وہ پکنے کے کونسے مرحلے میں ہیں۔ سبز کیلے نشاستہ سے زیادہ مزاحمت فراہم کرتے ہیں، پیلے کیلے نسبتاً آسانی سے ہضم ہو جاتے ہیں، جبکہ بھورے دھبوں والے بہت زیادہ پکے کیلے میں بعض اینٹی آکسیڈنٹس کی مقدار زیادہ ہو سکتی ہے۔
کیلے میں ہر مرحلے پر کاربوہائیڈریٹس، فائبر، پوٹاشیم، وٹامن بی 6 اور وٹامن سی موجود رہتے ہیں، تاہم پکنے کے عمل کے دوران ان میں موجود کاربوہائیڈریٹس کی نوعیت اور جسم میں ان کے ہضم ہونے کی رفتار تبدیل ہو جاتی ہے۔
1۔ سبز کیلے آنتوں کی صحت کیلئے مفید:
کچے سبز کیلوں میں نشاستے سے مزاحمت کی مقدار زیادہ ہوتی ہے۔ یہ ایک ایسی قسم کا کاربوہائیڈریٹ ہے جو چھوٹی آنت میں مکمل طور پر ہضم نہیں ہوتا۔ اس کے بجائے یہ بڑی آنت تک پہنچتا ہے، جہاں آنتوں میں موجود مفید بیکٹیریا اسے خمیر کرتے ہیں اور ایسے مرکبات پیدا کرتے ہیں جو نظام ہاضمہ کی صحت کے لیے فائدہ مند ہو سکتے ہیں۔
چونکہ مزاحم نشاستہ کاربوہائیڈریٹس کے ہضم ہونے کے عمل کو سست کرتا ہے، اس لیے سبز کیلے کھانے کے بعد خون میں شوگر کی سطح نسبتاً آہستہ بڑھ سکتی ہے۔ اس وجہ سے یہ ان افراد کے لیے مفید ہو سکتے ہیں جو خون میں گلوکوز کی بہتر سطح برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔
جیسے جیسے کیلا پکتا ہے، انزائمز آہستہ آہستہ اس نشاستے کو سادہ شکر میں تبدیل کرتے ہیں۔ اس عمل سے کیلا نرم اور میٹھا ہو جاتا ہے جبکہ اس میں موجود مزاحم نشاستے کی مقدار کم ہو جاتی ہے۔
تاہم، سبز کیلے نسبتاً سخت اور قدرے کسیلے ذائقے کے ہوتے ہیں، اس لیے بعض افراد کو انہیں ہضم کرنا مشکل محسوس ہو سکتا ہے۔
ماہرینِ غذائیت کے مطابق فائدہ مند فائبر حاصل کرنے کے لیے کیلے کا مکمل طور پر سبز ہونا ضروری نہیں۔
2۔ ہلکے پکے ہوئے کیلے درمیانی راستہ فراہم کرتے ہیں:
وہ کیلے جو پیلے ہونا شروع ہو گئے ہوں، ان میں اب بھی کچھ مزاحم نشاستہ موجود رہتا ہے، جبکہ وہ پہلے سے زیادہ نرم اور میٹھے ہو جاتے ہیں۔ یہ مرحلہ پری بایوٹک نشاستے اور آسان ہضم ہونے کے درمیان ایک اچھا توازن فراہم کر سکتا ہے۔ ایسے افراد کے لیے یہ مناسب انتخاب ہو سکتے ہیں جنہیں سبز کیلے بہت سخت یا کھٹے لگتے ہیں، لیکن وہ مکمل طور پر پکے ہوئے کیلوں میں موجود زیادہ شکر سے بھی بچنا چاہتے ہیں۔
تاہم، ذیابیطس کے شکار افراد کے لیے صرف کیلے کا پکنا ہی خون میں شوگر پر اثر انداز ہونے والا واحد عنصر نہیں ہے۔ کھانے کی مقدار، مجموعی کاربوہائیڈریٹ کا استعمال اور کیلے کے ساتھ کھائی جانے والی دوسری غذائیں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
3۔ پیلے کیلے فوری توانائی فراہم کرتے ہیں:
جب کیلا مکمل طور پر پیلا ہو جاتا ہے تو اس میں موجود زیادہ تر نشاستہ گلوکوز، فرکٹوز اور سکروز جیسی سادہ شکر میں تبدیل ہو چکا ہوتا ہے۔ اس وجہ سے پکے ہوئے پیلے کیلے سبز کیلوں کے مقابلے میں زیادہ نرم، میٹھے اور آسانی سے ہضم ہونے والے ہوتے ہیں۔
چونکہ ان میں موجود کاربوہائیڈریٹس نسبتاً تیزی سے جذب ہوتے ہیں، اس لیے پیلے کیلے ورزش سے پہلے یا بعد میں فوری توانائی حاصل کرنے کا ایک آسان ذریعہ ہو سکتے ہیں۔ ایک درمیانے سائز کے کیلے میں تقریباً 105 کیلوریز ہوتی ہیں، جبکہ پکنے کی مختلف حالتوں میں بھی اس میں پوٹاشیم، وٹامن سی اور وٹامن بی 6 موجود رہتے ہیں۔
ماہرینِ غذائیت اس بات پر زور دیتے ہیں کہ پیلے کیلے سبز کیلوں کے مقابلے میں لازماً کم صحت بخش نہیں ہوتے۔ بنیادی فرق یہ ہے کہ ان میں موجود کاربوہائیڈریٹس جسم میں کتنی تیزی سے ہضم اور جذب ہوتے ہیں۔
4۔ بھورے دھبوں والے کیلے زیادہ اینٹی آکسیڈنٹس کے حامل:
جیسے جیسے کیلے زیادہ پک جاتے ہیں اور ان پر بھورے دھبے نمودار ہوتے ہیں، ان میں موجود مزاحم نشاستے کی مقدار مزید کم ہو جاتی ہے اور مٹھاس بڑھ جاتی ہے۔ پکنے کے دوران بعض اینٹی آکسیڈنٹ مرکبات، جن میں فینولکس اور فلیونوئڈز شامل ہیں، کی مقدار بھی بڑھ سکتی ہے۔ یہ اینٹی آکسیڈنٹس خلیوں کو آکسیڈیٹو اسٹریس سے ہونے والے نقصان سے بچانے میں مدد دیتے ہیں۔ اس لیے بہت زیادہ پکے ہوئے کیلے بھی غذائی فوائد فراہم کر سکتے ہیں۔
وہ افراد جو اپنی شوگر یا کاربوہائیڈریٹ کی مقدار پر خاص نظر رکھتے ہیں، نسبتاً کم پکے ہوئے کیلوں کو ترجیح دے سکتے ہیں۔ تاہم زیادہ تر صحت مند افراد کے لیے کیلے کے چھلکے کا رنگ اہم ہونے کے بجائے کھائی جانے والی مقدار اور مجموعی طور پر متوازن غذا زیادہ اہم ہے۔
5۔ کیلے کے پکنے کے ہر مرحلے کے اپنے فوائد:
سبز کیلے: مزاحم نشاستہ زیادہ ہونے کی وجہ سے آنتوں کی صحت اور نسبتاً مستحکم بلڈ شوگر کے لیے مفید ہو سکتے ہیں۔
ہلکے پکے ہوئے کیلے: فائبر، مزاحم نشاستے اور مٹھاس کے درمیان ایک متوازن انتخاب فراہم کرتے ہیں۔
پیلے کیلے: آسانی سے ہضم ہونے والی توانائی فراہم کرتے ہیں۔
بھورے دھبوں والے کیلے: اینٹی آکسیڈنٹس کی زیادہ مقدار فراہم کر سکتے ہیں۔
لہٰذا کیلے کی کوئی ایک حالت ہر شخص کے لیے سب سے بہتر نہیں۔ آپ کی غذائی ضروریات اور صحت کے اہداف کے مطابق سبز، پیلا یا زیادہ پکا ہوا کیلا مختلف فوائد فراہم کر سکتا ہے۔
نوٹ: یہ مضمون قارئین کی معلومات کیلئے شائع کیا گیا ہے۔ صحت سے متعلق امور میں اپنے معالج کے مشورے پر عمل کریں۔