• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ذریعےخوشحالی لانے کا عمل تیز کیا جائے،صدر علوی

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےکہا ہےسائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے ذریعے خطے میں امن و استحکام اور خوش حالی لانے اورپاکستان سمیت ترقی پذیرممالک میں آب وہوا میں تبدیلیوں کے اسباب اورمنفی اثرات کو ختم کرنے کے لیے جامع اور پائیدار وسائل کی تیاری کا لائحہ عمل مزید تیز ہوناچاہیے۔ ایوان صدر میں منعقدہ ،کامسیٹس کی سلور جوبلی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ اس تناظر میں پاکستان کے ایک فعال ادارے کامسیٹس کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے، جس نے قلیل مدت میں خطے کے ستائیس ممالک کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کیا ،جس کو دنیا میں آج قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتاہے۔وزارت سائنس وٹیکنالوجی کے زیر اہتمام اس تقریب میں بوسنیا اور ہرزیگوینا، بیلاروس، مصر، فرانس، ہنگری، اردن، کینیا، لیبیا، مراکش ، نیپال، نائیجیریا، پرتگال، فلسطین، رومانیہ، سوڈان، سری لنکا، ترکی، ترکمانستان اور یمن کے سفارتکاروں نے شرکت کی۔اس موقع پرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی کےوفاقی وزیرفواد چوہدری نے کہاکہ تعلیم، صحت اورانٹرنیٹ ٹیکنالوجیزکے شعبوں میں جہاں کامسیٹس کی کاوشوں کو یاد رکھا جائے گا تو وہیں عالمی پائیدار ترقی کے اہداف کے باب میں ادارے کی جدوجہد کو نمونے کے طور پرپیش بھی کیا جائے گا۔ دریں اثنا صدر عارف علوی نے گزشتہ روزفرانس کے سفیر مارک بریٹی سے گفتگو میں کہاہے کہ پاکستان فرانس کے ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کی خواہش رکھتا ہے۔ کشمیری عوام کی بدترین حالت زار کا ذکرکرتے ہوئے انہوں نے امیدظاہر کی کہ فرانس کشمیری عوام کے دکھوں کے خاتمے میں اپنا صحیح کردار ادا کرے گا اوربھارت پرکشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنے پر زور دے گا۔ فرانس کے سفیر نے کہا کہ فرانس کی واضح پالیسی ہے انسانی حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جاناچاہئے۔
تازہ ترین