• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کے باعزت ممالک میں ’’ہنر‘‘ کی قدر و اہمیت ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتی جا رہی ہے۔ ایک ریسرچ کے مطابق امریکہ میں پچھلے آٹھ سالوں کے دوران رسمی تعلیم کے تعلیمی اداروں میں داخلے کی شرح میں مسلسل کمی کا رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ وہاں کا نوجوان ڈگری لینے کے بجائے اِسکل ٹریننگ (فنی تعلیم) کو ترجیح دے رہا ہے۔ کچھ عرصہ قبل ایک خبر یہ بھی میری نظروں سے گزری کہ دنیا کی ٹاپ 15کمپنیز میں اب ٹاپ جابز کیلئے ڈگری کی ضرورت نہیں، آپ کے پاس کوئی اسکل ہے تو آپ ٹاپ لیول کی جاب کیلئے اہل ہیں۔ ان کمپنیز میں گوگل، ایرنسٹ اینڈ ینگ، ایپل،آئی بی ایم، بینک آف امریکہ سمیت دیگر نام شامل ہیں۔ یہ لسٹ بھی یقیناً اب بہت طویل ہو چکی ہو گی۔ ترقی یافتہ ممالک میں ڈگری ہولڈرز معاشی طور پر انتہائی اسٹیبل افراد بھی سیکنڈ ڈیفنس لائن کے طور پر کوئی نہ کوئی ہنر سیکھتے ہیں۔بدقسمتی سے پاکستان میں فنی تعلیم کو ماضی میں وہ اہمیت نہیں دی گئی جس کی اس کو ضرورت تھی۔ یہی وجہ ہے کہ آج بھی یہاں ٹیکنیکل اور ووکیشنل ایجوکیشن کو وہ مقام حاصل نہیں جو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہے۔ ہمارے طلبہ، ان کے والدین، بچوں کو فارمل ڈگریاں حاصل کرتا دیکھنا چاہتے ہیں۔ میں روایتی تعلیم کے خلاف نہیں لیکن اپنے ملک کے حالات کو دیکھتے ہوئے یہ سمجھتا ہوں کہ ہمیں اپنے طلبہ اور ان کے والدین کو یہ شعور دینا ہوگا کہ فنی اور ووکیشنل تعلیم کے حصول میں ان کا بھی فائدہ ہے اور یہ ہمارے ملک کیلئے بھی بہتر ہے۔ ہمارے وزیراعظم عمران خان نے منتخب ہونے کے بعد قوم سے اپنے پہلے خطاب میں فنی تعلیم پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم اپنے نوجوان کو ہنر سکھائیں گے۔ وزیراعظم کے وژن کو سامنے رکھتے ہوئے ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) پنجاب نے بھی اپنے وژن کو ازسرِ نو ترتیب دیا ہے۔ ٹیوٹا پنجاب اب جدید تربیت کے ساتھ ساتھ طلبہ کو روزگار کے بہترین مواقع فراہم کرنے میں بھی اپنا مکمل کردار ادا کرے گا۔

آج ٹیوٹاپنجاب نئے وژن کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ ٹیوٹا کے وژن 2023ء کے تحت نوجوانون کو ڈیمانڈ ڈریون اسکل کی تربیت فراہم کرکے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ذاتی کاروبار اور روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ ٹیوٹا پنجاب میں نیو اسکلز ایکو سسٹم (New Skills Eco System) متعارف کروا رہا ہے۔ ہم اپنے اداروں اور لیبر کو انٹرنیشنل ایکریڈیشن سسٹم (سی بی ٹی اینڈ اے) کے مطابق کر رہے ہیں۔ یہ سسٹم 130 ممالک میں رائج ہے۔ پنجاب حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ’’ہنرمند نوجوان پروگرام‘‘ لانچ کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں ایک بڑی تقریب ’’ٹیوٹا کنونشن‘‘ کا انعقاد ایکسپو سنٹر لاہور میں کیا گیا، جس کی ایک خاص بات یہ بھی تھی کہ پنجاب بھر سے آئے ہوئے ٹیوٹا کہ طلبہ نے خود تیار کئے ہوئے ماڈلز بھی نمائش میں رکھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، صوبائی وزیر انڈسٹری میاں محمد اسلم اقبال نے پروگرام کی اہمیت پر سیر حاصل بات کی۔ہم اپنے طلبہ کو اس پروگرام کے تحت اُن ٹریڈز کی ٹریننگ دے رہے ہیں جن کی مارکیٹ میں ڈیمانڈ ہے، ساتھ ہی بیرونِ ممالک روزگار کے مواقع بھی میسر ہوں گے۔ اس فلیگ شپ پروگرام کے تحت ٹیوٹا ایک لاکھ بچوں کو 56مختلف ٹریڈز میں اسٹیٹ آٖف دی آرٹ ٹریننگ فراہم کرے گا۔ ان ٹریڈز میں جہاں مارکیٹ کی ضرورت کو مدنظر رکھا گیا ہے وہاں اس امر کو بھی یقینی بنایا گیا ہے کہ طلبہ کو ان کے اپنے شہر، اپنے علاقوں میں روزگار کے مواقع میسر ہو سکیں۔ مختلف شہروں کی ضروریات کے مطابق ان شہروں میں وہی کورسز لانچ کئے گئے جہاں اس سے متعلق انڈسٹری موجود ہے۔ ٹیوٹا پنجاب بھر کے تمام شہروں میں یہ کورسز بالکل مفت کروا رہا ہے۔ ان کی تفصیل کچھ اس طرح ہے کہ 6ماہ کے کورسز میں آٹو مکینک، آٹو اینڈ فارم مشینری، آٹو کیڈ، آٹو الیکٹریشن، ایلومینیم اینڈ اسٹیل فیبریکیٹر، بیوٹیشن، سی سی اے، سول سرویئر، سی این سی پروگرامنگ، ڈومیسٹک ٹیلرنگ، ڈریس میکنگ، الیکٹریشن، الیکٹرونک ایکوپمنٹ رپیئر، ایلیمنٹری فوڈ پریزرویشن، فیبرک پرنٹنگ، فیشن ڈیزائنگ، گرافک ڈیزائنگ، ایمبرائیڈری، ہائوس ایمپلائسنز رپیئر، کارپینٹر، انڈسٹریل فٹر، کاشی گری، میسن، موبائل رپیئرنگ، موٹر وائنڈنگ، موٹر سائیکل مکینک، پلمبر، پروفیشنل کُک، سیفٹی آفیسر، سولر سسٹم، ٹیکسٹائل ڈیزائننگ، ٹریکٹر مکینک، یو پی ایس رپیئر مکینک، ویب ڈیزایننگ، ویلڈر جبکہ کے 3ماہ کے کورسز میں چائینز لینگوئج، آر پی ایل اور 2ماہ کے کورسز میں ڈرائیونگ کورس، انگلش لینگوئج، ای روزگار سمیت دیگر کورسز شامل ہے۔

ہماری خواہش ہے کہ طالبات بھی بھرپور طریقے سے اپنے متعلقہ کورسز میں داخلہ لیں، ہم طالبات کی انرولمنٹ میں اضافے کے لئے تمام ممکن اقدامات کر رہے ہیں اور کریں گے۔ ہمارا کام صرف معیاری ٹریننگ دینے تک محدود نہیں، جب سے میں نے ٹیوٹا کا چارج سنبھالا ہے، جاب پلیسمنٹ پر سب سے زیادہ توجہ دی ہے۔ اپنا کاروبار سیٹ کرنے یا نوکری کے حصول تک ٹیوٹا اپنے طلبہ کی بھرپور معاونت کرے گا۔ ہمیں فنی تعلیم کو والدین اور طلبہ کیلئے ترجیح بنانے میں میڈیا کا بھی بھرپور تعاون درکار ہوگا۔ فنی اور ووکیشنل تعلیم کو پاکستان میں وہ عزت اور مقام دلوائیں گے جس کے بعد طلبہ خود اس طرف آئیں جیسا دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہے۔ ٹیوٹا پنجاب نے ہنرمند نوجوان پروگرام لانچ کر دیا ہے۔ آئیں! ان کورسز میں داخلہ لیں، ان کی کوئی فیس نہیں۔ آپ کی کامیابی تک ٹیوٹا آپ کے ساتھ ہے۔

(صاحبِ تحریر چیئرپرسن ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) پنجاب ہیں)

تازہ ترین