حافظ آباد(ایجنسیاں) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھٹو کو زندہ رکھنے کا دعویٰ کرنے والے لاڑکانہ اور تھر میں عوام کی بے بسی دیکھیں‘ سندھ میں بھٹو زندہ مگر غریب مرچکا ہے‘ نابالغ سیاستدانوں کو اپنی جماعت میں کٹھ پتلیاں نظر نہیں آتیں۔
وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ اصل کٹھ پتلی ہے‘ بلاول بھٹو کو مزید چار سال اسی طرح دکھی ہونا پڑے گا اور چار سال بعد عوام دوبارہ ووٹ کی طاقت سے عمران خان کو اقتدار میں لائیں گے‘پوراسندھ موہنجودڑو کا منظر پیش کر رہا ہے۔
بلاول کرپشن سے رشتہ توڑ لیتے تو سندھ تک محدودنہ ہوتے‘ ایک خاندان بیماری کے نام پر ضمانت لے کر باہر چلا گیا، بیمار کے ساتھ سہولت کار بھی ملک سے چلا گیا ہے‘ سہولت کار کا اسمبلی میں چیمبر ان کا منتظر ہے‘ کراچی کو عمران خان کی قیادت میں ایک بار پھر روشنیوں کا شہر بنائیں گے‘ ملک بھر میں صحافیوں کے ہیلتھ کارڈ کے حوالے سے یکساں پالیسی بنانے جا رہے ہیں۔
اتوار کو حافظ آباد پریس کلب میں نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ اقتدار سے محرومی کوعوام کا دردبنا کر پیش کر رہے ہیں‘ اپنی خواہشات کو عوام کا نام دے کر اقتدار سے محرومی کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں۔