• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

مرچیں امراض قلب سے موت کا خطرہ کم کرنے میں مددگار

مرچیں امراض قلب سے موت کا خطرہ کم کرنے میں مددگار


کھانے میں مرچیں زائد ہوجائیں تو پانی پینے اور ٹھنڈی چیزیں کھا کر اس کی تاثیر کو ختم کیا جاتا ہے کیونکہ یہ کھانے کا وہ جزو ہے جو ڈش میں موجود تو ہوتا ہے لیکن اکثر افراد اسے کھانے سے گریز کرتے ہیں۔

لیکن یہ مرچیں انسانی صحت کے لیے کتنی فائدہ مند ہوسکتی ہیں، اس حوالے سے نئی تحقیق میں انکشافات سامنے آگئے۔

اٹلی میں مرچوں سے متعلق ایک تحقیق کی گئی جس میں یہ پتا لگانے کی کوشش کی گئی کہ مرچوں کا استعمال کرنے والے اور انہیں استعمال نہ کرنے والے افراد میں موت کا خطرہ کس کو زیادہ ہوتا ہے۔

اطالوی محققین نے اٹلی کے علاقے مولیس کے 22 ہزار 811 افراد کو اس تحقیق میں شامل کیا، جنہیں ایک سوال نامہ دیا گیا اور معلومات حاصل کی گئیں جبکہ اس سوالنامے میں ان سے لاحق بیماریوں کے بارے میں بھی سوال کیا گیا۔

امریکن کالج برائے کارڈیالوجی کے جنرل (جے اے سی سی) میں شائع اس تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ جو لوگ ہفتے میں 4 مرتبہ یا اس سے زائد مرچوں کا استعمال کرتے ہیں انہیں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے موت کا امکان 40 فیصد کم ہوجاتا ہے۔

اس کے ساتھ ساتھ ان افراد کو دل کا دورہ پڑنے کا خطرہ بھی کم ہوجاتا ہے۔

تحقیق دان ماریالورا بوناسیو کے مطابق مرچیں کھانے کی ایک دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ اگر کوئی شخص میڈیٹرینئن ڈائٹ لینے کا عادی ہو یا پھر اس کا استعمال نہ کرے دونوں پر ہی مرچوں کا حفاظتی اثر پڑتا ہے۔

مزید پڑھیے: کیا آپ 2 سیب روزانہ کھانے کے فائدے جانتے ہیں؟

یہ تحقیق پہلی مرتبہ یورپی لوگوں کے حوالے سے کی گئی ہے جبکہ اس حوالے سے چینی اور امریکی باشندوں سے متعلق تحقیق سامنے آچکی ہے۔

محققین نے یہ بھی بتایا کہ مرچوں کے استعمال کی وجہ سے سیریبروویسکولر نامی بیماری سے بھی بچا جاسکتا ہے جس میں دماغ کو خون پہنچانے کے نظام میں خرابی پیدا ہوتی ہے اور فالج کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین