• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

بلاول کی عدم پیشی پر نیب اور پیپلزپارٹی آمنے سامنے

بلاول کی عدم پیشی پر نیب اور پیپلزپارٹی آمنے سامنے 


لاہور (نمائندہ جنگ، این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی نیب میں عدم پیشی پر قومی احتساب بیورو اور پیپلزپارٹی آمنے سامنے آگئے۔نیب ترجمان کہنا ہے کہ ایک سیاسی جماعت کے چیئرمین کی جانب سے نازیبا الفاظ کا استعمال اور دھمکی نیب کو قانونی عمل سے نہیں روک سکتی، نیب میں پیش نہ ہونے کی رپورٹس نیب کو لکھے گئے خط کے برعکس ہے۔ جبکہ بلاول بھٹو کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ کھوکھر کا کہنا ہے کہ نیب کا چیئرمین پیپلز پارٹی کے متعلق بیان حقائق کے منافی ہے،بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس اور نیب کو لکھے گئے خط میں کوئی تضاد نہیں ۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے ترجمان نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے نیب میں پیش نہ ہونے کی رپورٹس کو بلاول بھٹو کے نیب راولپنڈی کو لکھے گئے خط کے برعکس قرار دیتے ہوئے بیان جاری کیا ہے کہ بلاول بھٹو نے اپنے وکیل کے ذریعے لکھے گئے خط میں درخواست کی ہے کہ انہیں 15 جنوری 2020 کے بعد نیب راولپنڈی کی انوسٹی گیشن ٹیم کے سامنے پیش ہونے پر کوئی اعتراض نہیں۔ترجمان نیب نے کہا کہ بعض میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو نیب کے سامنے پیش نہیں ہونگے جو کہ انکی طرف سے نیب کو کرائی گئی یقین دہانی کے بر خلاف ہے۔نیب کسی بھی تحقیقات میں متعلقہ شخص کا قانون کے مطابق بیان لینے پریقین رکھتا ہے تاکہ متعلقہ شخص کو اس کے قانونی حق سے محروم نہ رکھاجائے اور انصاف کے تمام ترقانونی تقاضے پورے کئے جاسکیں۔

تازہ ترین