چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ حکومت عوام کی ٹوٹی کمر پر مزید 150 ارب روپے کا بوجھ لادرہی ہے۔
ایک بیان میں مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ افراد کو نکالنا غریب دشمنی کی بدترین مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرضہ نہ لینے کا دعویٰ کرنے والوں نے ڈالروں کے عوض ملکی خودمختاری گروی رکھ دی۔
پی پی چیئرمین کے ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت غریبوں پر ایک طرف سے نہیں چاروں طرف سے حملے کر رہی ہے، منی بجٹ عوام پر معاشی حملہ ہے، جس کی بھرپور مخالفت کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کرسی کی خاطر معاشی اور خارجہ پالیسی تک غیروں کے حوالے کردی، حکومت عوام کی ٹوٹی کمر پر مزید 150 ارب کا بوجھ لادرہی ہے۔
مصطفیٰ نواز کھوکھر نے یہ بھی کہا کہ عوام کے خون پسینے سے 735 ارب اضافی ٹیکسوں کے ذریعے نچوڑا گیا، بجلی،گیس اور سیلز ٹیکس بڑھا کر عوام پر مزید ڈیڑھ سو ارب کا ڈاکا ڈالا جارہا ہے۔