• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی بھی ریاست میں جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح، حکمرانوں کی کارکردگی اور ملک وقوم کی ترقی کیلئے ایک بڑا سوالیہ نشان ہوتی ہے۔ اس کی روک تھام کیلئے جرائم کی وجوہات جاننے کے ساتھ مجرم کی نفسیات کو سمجھنا بھی بے حد ضروری ہے۔ 

ماہرین کہتے ہیں کہ جرائم کے پیچھے کئی سماجی و نفسیاتی عوامل کار فرما ہیں۔ ان نفسیاتی، موروثی اور سماجی عوامل کو سمجھنے کیلئے دنیا بھر میں شعبہ جرمیات (کرمنالوجی) کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان میں بھی گزشتہ چند برسوں کے دوران کرمنالوجی کو خاص اہمیت حاصل ہوئی ہے اور اب جامعات میں علیحدہ سے کرمنالوجی ڈپارٹمنٹس قائم کیے جارہے ہیں۔

کرمنالوجی کیا ہے؟

کرمنالوجی، شعبہ عمرانیا ت کی ہی ایک شاخ ہے جس میں انفرادی اور سماجی سطحوں پر مجرمانہ برتاؤ کی فطرت، وسعت، اسباب و وجوہ، نگرانی، عواقب اور روک تھام کا سائنسی طور پر مطالعہ کیا جاتا ہے ۔ اس شعبہ کے مقاصد میں شواہد کی جانچ پڑتال کے ساتھ ساتھ مجرم کی نفسیاتی اور موروثی وجوہات، تفتیشی طریقہ کار، سزا اور اس کے اثر انگیز حالات، رہائی اور اصلاحاتی نفاذ کی افادیت وغیرہ شامل ہیں۔ 

یہی نہیں بلکہ جرائم کی روک تھام کے لیے معاشرے کا رد عمل بھی موضوع بحث بنتا ہے۔ آجکل جہاں اخبارات، ریڈیو اور ٹیلی ویژن جرائم کی کہانیوں سے بھرے پڑے ہیں، وہیں دیگر تحریری مواد بھی جرائم کی داستانوں سے خالی نہیں ہے۔

طلبا کی ایک بڑی تعداد کرمنل جسٹس اور کرمنالوجی میں کیریئر کی جانب راغب ہورہی ہے۔ یوں سمجھ لیں کہ جرائم اور اس کی روک تھام سے متعلق تمام تر مطالعہ کرمنالوجی میں کیریئر کی وسیع راہیں ہموار کردیتا ہے۔

کرمنالوجی اور کرمنل جسٹس میں فرق

کرمنالوجی اور کرمنل جسٹس ایک ہی سکّے کے دو رُخ ہیں، جو لوگ کرمنالوجی کی تعلیم حاصل کرتے ہیں وہ جرم کو ایک معاشرتی رجحان اور سماجی مسئلہ کے طور پر دیکھتے ہیں۔ کرمنالوجی کے طالب علم جرم کے ہر زاویےپر نظر رکھتے ہیں اور اس سے معاشرے پر پڑنے والے اثرات کا بھی جائزہ لیتے ہیں جبکہ کرمنل جسٹس کےطالب علم اس نظام پر توجہ مرکوز رکھتے ہیں، جس کے تحت معاشرے میں موجود جرائم کا سراغ لگایا جاتا ہے، ان کے خلاف قانونی کاروائی کی جاتی ہے اور سزا دی جاتی ہے۔

کیریئر کے مواقع

بطور کالج طالب علم آپ کوپہلےیہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ آپ کس علم میں مہارت حاصل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں اور تعلیم مکمل کرنے کے بعد کیا کرنا چاہتے ہیں۔ اگر آپ کو نہیں معلوم کہ کرمنالوجی میں بیچلر یا ماسٹر ڈگری کے حصول کے بعد آپ کا پیشہ کیا ہوسکتا ہے تو اس حوالے سے ذیل میں چند مقبول پیشوں کا ذکر کیا جارہا ہے ۔

کرمنالوجسٹ

کرمنالوجی میں سب سے اہم کیریئر کرمنالوجسٹ ہے۔ یہ ایک طرح سے ماہر عمرانیات یا سوشل سائنٹسٹ ہوتا ہےجو ماسٹر کیلئے میجر سبجیکٹ کے طور پر کرمنالوجی کا انتخاب کرتا ہے اور معاشرے میں پائے جانے والے مجرمانہ رویوں پر تحقیق کرتا ہے۔ 

ایک کرمنالوجسٹ کسی آبادی میں موجود مجرموں اور ان کے رویوں سے متعلق نظریاتی وضاحت پیش کرتا ہے، ساتھ ہی جرائم سے متعلق قوانین، جرائم کے طریقہ کار، قوانین کی خلاف ورزی اور اس طرح کی دیگر باتوں سے متعلق تجزیہ پیش کرتا ہے۔ 

کرمنالوجسٹ مختلف کرداروں میں نظر آتا ہے جیسے کہ وہ پولیس کے محکمے میں سرگرمیاں و افعال بہتر بناتا، شعبہ تعلیم (کالج اور یونیورسٹیز) میںبطور پروفیسر، مجلس قانون ساز کا مشیر اور عوامی پالیسی کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کرتا ہے۔

پولیس آفیسر

کرمنالوجی کی ڈگری حاصل کرنے کے بعد کیا آپ کو لگتا ہے کہ بطور پولیس آفیسر آپ کا کام صرف لوگوں کو گرفتار کرنا ہوگا؟ آپ اس شعبے میں اس سے بڑھ کر بھی بہت کچھ کرسکتے ہیں۔ ایک پولیس آفیسر عوام کے تحفظ، معاشرے میں جرائم کی روک تھام اور امن کو برقرار رکھنے کے لیےمقامی برادریوں کے ساتھ مل کر کام کرتا ہے۔ وہ تفتیش وتحقیق کے ساتھ ساتھ مشتبہ افراد کا انٹرویو کرتا ہے، اس کے تمام افعال معاشرے سے جرائم کو جڑ سےختم کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں ۔

سراغ رساں

اگر آپ اس شعبے میں معمول سے ہٹ کر کچھ کرنا چاہتے ہیں تو آپ بطور سراغ رساں ملازمت حاصل کرسکتے ہیں۔ ایک سراغ رساں کا کام مخصوص علاقوں میںکرمنل انویسٹی گیشن کرنا ہوتا ہے۔ وہ شہر بھر میں ہونے والی قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں، سائبر اور ڈرگ اسکواڈ وغیرہ کا کام سنبھالتا ہے۔ اس کے علاوہ جرائم سے متعلق شواہدجمع کرنے اور مجرم کی گرفتاری کے لیے جاسوسی کا کام بھی سرانجام دیتا ہے ۔

کرائم آفیسر

ایک کرائم آفیسر کا کام جرائم کے منظر نامے میں تفتیش و تحقیق کے لیےفرانزک اور فوٹوگرافک شواہد اکٹھے کرناہوتا ہے۔ اس تمام تر معاملے میں کچھ کام انتہائی حساس ہوسکتے ہیں، لہٰذا یہ ملازمت ہر ایک کے لیے نہیں ہوسکتی، یہ پیشہ ان طلبا کے لیےمناسب ہے جنہوں نے فرانزک سائنس میں بیچلر ڈگری حاصل کر رکھی ہو۔ اگر آپ کے پاس کرمنالوجی کی ڈگر ی ہے تو آپ مزید مطالعے کے لیے اس شعبے میں آگے بڑھ سکتے ہیں۔

لیکچرار

کرمنالوجی میں ماسٹر اور پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھنے والے طالب علم کالج اور یونیورسٹیوں میں بطور لیکچرار بھی ملازمت حاصل کرسکتے ہیں۔ اس دوران وہ جرائم سے متعلق حکمت عملی ترتیب دے کر مستقبل میں مجرمانہ سرگرمیوں کو کم کرنے اور امن وامان کے قیام کیلئے ایک بڑی چین تیار کرسکتے ہیں ۔

تازہ ترین