• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ میں قتلِ عام روکنے کیلئے اسرائیلی حکومت پر سخت پابندیاں عائد کی جائیں: لبرل ڈیموکریٹس رہنما ایڈ ڈیوی

لبرل ڈیموکریٹس رہنما ایڈ ڈیوی—فائل فوٹو
لبرل ڈیموکریٹس رہنما ایڈ ڈیوی—فائل فوٹو

لبرل ڈیموکریٹس رہنما ایڈ ڈیوی نے برطانوی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غزہ میں جاری وحشیانہ زمینی کارروائی کے پیشِ نظر اسرائیلی حکومت اور اس کے اعلیٰ حکام پر فوری سخت پابندیاں نافذ کرے۔

انہوں نے خاص طور پر اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو اور اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کے سینئر جرنیلوں پر پابندیاں عائد کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

جنگ کو جاری کیے گئے پریس ریلیز میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن رنما ایڈ ڈیوی کا کہنا ہے کہ برطانیہ کو اسرائیل کو اسلحے کی فروخت بشمول ایف 35 لڑاکا طیاروں کے پرزہ جات کی برآمدات فوری طور پر بند کرنی چاہیے۔

ان کا کہنا ہے کہ برطانوی حکومت کا خاموش تماشائی بنے رہنا افسوسناک ہے جبکہ غزہ کو منظم طریقے سے تباہ کیا جا رہا ہے۔

یہ مطالبہ عالمی ادارۂ صحت (WHO) کی حالیہ رپورٹوں کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ غزہ کے شہر دیر البلح میں ان کی طبی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔

لبرل ڈیموکریٹس کے رہنما ایڈ ڈیوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم دھمکیوں سے آگے نکل چکے ہیں، اب وقت ہے کہ حقیقی پابندیاں عائد کی جائیں، اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو اور آئی ڈی ایف کے ان جنرلوں پر پابندیاں لگائی جائیں جو غزہ میں بمباری اور زمینی کارروائیوں کی قیادت کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہر گزرتے دن معصوم فلسطینی شہری قتل کیے جا رہے ہیں، لاکھوں افراد بھوک کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ یرغمالی بھی آزاد نہیں ہو رہے، اس صورتِ حال کو مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا، برطانوی حکومت کو فوری عملی اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ غزہ میں ہونے والی خونریزی کو روکا جا سکے اور اسرائیل کو جنگی ساز و سامان کی فراہمی بند کی جائے۔

برطانیہ و یورپ سے مزید