• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس کو غیرسیاسی کردیا، میرٹ لے آئے پنجاب پولیس کو کے پی پولیس جیسا بنانا چاہتے ہیں، عمران خان

پولیس کو غیرسیاسی کردیا، میرٹ لے آئے، عمران خان


میانوالی(این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تھانہ، کچہری اور پٹواری کلچر نے ہمیں بہت نقصان پہنچایا، کسی نے بھی انگریزوں کے قوانین کو ٹھیک کرنے کی ہمت نہیں کی، پختونخوا میں پہلی بار حکومت ملنے پر پولیس کو غیر سیاسی اور مداخلت سے پاک کیا، میرٹ لے آئے، پنجاب پولیس کو خیبرپختونخوا پولیس جیسا بنانا چاہتے ہیں۔

ماضی میں سیاستدان پسند کے افسر لگا کر کام لیتے رہے ، اسی وجہ سے لوگوں کا پولیس پر اعتماد نہیں رہا، پولیس اچھا کام کریگی تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میانوالی ماڈل پولیس اسٹیشن کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پولیس افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ʼماڈل پولیس اسٹیشن کا قیام عوامی فلاح و بہبود کیلئے اہم ہے، پولیس اچھا کام کریگی تو ملک کی تقدیر بدل جائیگی جبکہ پولیس عوام کو امن و تحفظ کا احساس دے۔

انہوں نے کہا کہ ʼپہلی بار جب رکن اسمبلی بنا تو سب سے بڑا مسئلہ تھانہ کچہری تھا، سیاستدان تھانے کچہری کو اپنے کنٹرول میں رکھتے تھے جبکہ یہ ماڈل پولیس اسٹیشن پولیس میں تبدیلی کا آغاز ہے۔ 

قبل ازیں وزیرِ اعظم عمران خان نے میانوالی میں ماڈل پولیس اسٹیشن کا افتتاح کیا۔پو لیس اسٹیشن آمد پر وزیر اعظم کو پنجاب پولیس کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ 

بعد ازاں وزیر اعظم نے پولیس اسٹیشن کے مختلف حصوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے پولیس محکمے کے حوالے سے وزیر اعظم کو تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، آئی جی پنجاب اور دیگر اعلیٰ حکام بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔

آئی جی پنجاب نے وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس اور تھانوں کے نظام میں بہتری کیلئے پنجاب پولیس کے اقدامات کے تحت صوبے میں 29 ماڈل پولیس اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ سپریم کورٹ کی ہدایات پر صوبے کے تمام اضلاع میں ایس پی کمپلینٹس کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔

آئی جی پنجاب نے وزیر اعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پولیس اور تھانوں کے نظام میں بہتری کیلئے پنجاب پولیس کے اقدامات کے تحت صوبے میں 29ماڈل ماڈل پولیس اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں اور سپریم کورٹ کی ہدایات پرصوبہ کے تمام اضلاع میں ایس پی کمپلینٹس کی تعیناتی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔ 

اس کے علاوہ عوامی شکایات کے ازالے کیلئے آئی جی پی کمپلینٹ سنٹر 8787 اور پنجاب کے تمام 716 تھانوں میں فرنٹ ڈیسکس بھی قائم کردیئے گئے ہیں۔پنجاب بھر میں پولیس خدمت مراکز کے ذریعے شہریوں کو خدمات کی ایک چھت تلے فراہمی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے اور میڈیکولیگل سرٹیفیکیٹس کے جلد اجراء کے لئے ڈی ایچ کیو اسپتالوں میں خدمت کاؤنٹرز بھی قائم کئے گئے ہیں۔

بعد ازاں وزیر اعظم نے مہمانوں کے کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے اور ماڈل پولیس سٹیشن کے احاطے میں ایک پودا بھی لگایا۔ وزیر اعظم عمران خان نے نمل انسٹی ٹیوٹ میں ہواوے آئی سی ٹی لیب کا افتتاح بھی کیا۔اس موقع پر وزیر اعظم کو جدید آئی سی ٹی لیب کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

تازہ ترین