• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا : میٹرک پاس ایم پی اے کووزیر تعلیم مقرر کر دیا گیا

خیبرپختونخوا : میٹرک پاس ایم پی اے کووزیر تعلیم مقرر کر دیا گیا


پشاور(ارشد عزیز ملک ) خیبرپختونخوا کابینہ میں ردوبدل کے دوران میٹرک پاس ایم پی اے کووزیر تعلیم مقرر کر دیا گیا۔ ہری پور سے تعلق رکھنے والے سیاستدان اور کاروباری شخصیت اکبر ایوب کو صوبے میں انتہائی اہم تعلیم کی وزارت سونپی گئی ہے۔ 

2018ء میں عام انتخابات میں کامیابی کے بعد اکبر ایوب کو مواصلات وتعمیرات کا وزیر مقرر کیا گیا تھا لیکن ہفتہ کے روز انہیں مواصلات و تعمیرات کی بجائے تعلیم کا وزیر مقرر کر دیا گیا۔

نئے وزیر تعلیم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میر ی میٹرک تعلیم سے کوئی فرق نہیں پڑتا میرے پاس تعلیمی اور انتظامی امور چلانے کا وسیع تجربہ موجود ہے۔

جب کہ وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے حکومتی فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے جنگ کو بتایا کہ اکبر ایوب انتہائی قابل اور تجربہ کار ہیں انھوں نے مواصلات و تعمیرات کی وزارت کو بخوبی چلایا ہے۔ 

لہذا وہ تعلیم کی وزارت کو بھی بخوبی احسن انداز سے چلائیں گے دلچسپ امر یہ ہے کہ تحریک انصاف نے تعلیم کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا تھا لیکن پچھلے دو سالوں کے دوران کسی کو وزارت تعلیم کا قلمدان نہیں سونپا گیا۔

کوہاٹ سے ایم پی اے ضیاء اللہ بنگش کو پہلے معاون خصوصی برائے تعلیم مقرر کیا گیا جبکہ بعدازاں انہیں مشیر کے عہدے پر ترقی دیدی گئی۔ 

تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے الیکشن سے قبل اور بعد میں متعدد بار تعلیم کو اپنی ترجیحات قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ تعلیم پر سب سے زیادہ توجہ اور فنڈز خرچ کئے جائیں گے اور اڑھائی کروڑ بچوں کو بھی سکولوں میں واپس لایا جائے گا۔

اکبر ایوب نے 2013ء کے انتخابات کے دوران تحریک انصاف کے ٹکٹ پر اپنے مد مقابل مسلم لیگ(ن) کے قاضی اسد اور آزاد امیدوار بابر نواز کو شکست دی تھی جبکہ 2018ء کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے قاضی اسد کو دوبارہ شکست دی۔ 

پرویز خٹک کی کابینہ میں وہ مشیر برائے سی اینڈ ڈبلیو جبکہ محمود خان کابینہ میں اسی محکمےکمیونیکشن اینڈ ورکس کے وزیر رہے ۔

تازہ ترین